متحدہ عرب امارات نے انتہائی منفرد اور شاندار چار طرفہ پُل بنا لیا

دُبئی میرینا میں راہگیروں کے لیے بنائے 75 میٹر لمبے پُل میں لفٹس بھی لگائی گئی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 ستمبر 2020 13:39

متحدہ عرب امارات نے انتہائی منفرد اور شاندار چار طرفہ پُل بنا لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں ایسی تعمیرات کی جا رہی ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے دُنیا بھر سے ہر سال لاکھوں سیاح یہاں آتے ہیں۔ اب ان خوبصورت تعمیرات میں ایک انتہائی شاندار پُل کا بھی اضافہ ہو گیا ہے۔دُبئی میرینا کے داخلی مقام پر کنگ سلمان بند عبدالعزیز السعود سٹریٹ اور الغربی سٹریٹ کے انٹرسیکشن پر راہگیروں کے لیے ایک پُل بنایا گیا ہے ۔

یہ پُل جنکشن کے چاروں سمت سے آنے جانے والے راہگیروں کو سہولت دیتا ہے۔ 75 میٹر لمبے اس پُل کی چاروں سمت میں چار لفٹس بھی لگائی گئی ہیں۔ دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مطار الطائر نے بتایا کہ اس پُل کی بدولت ہر روز ہزاروں راہگیر ٹریفک سگنلز پر رُکے اور انتظار کیے بغیر چاروں سمت میں سڑک پار کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

جس کے باعث راہگیروں کو پیش آنے والے حادثات کا خطرہ بھی ٹل جائے گا۔

ماضی میں اس رش والے مقام پر سڑک عبور کرنے کی کوئی سہولت نہ ہونے کے سبب راہگیروں کو خاصی پریشان کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ مطائر الطائر نے بتایا کہ یہ جنکشن ایک انتہائی مصروف ترین مقام ہیں جہاں سے ہر چھ منٹ بعد ایک ٹرام گزرتی ہے ۔ یہاں پر ٹرام کے دو اسٹیشنز اور ایک بس سٹاپ بھی ہے۔
رش کے وقت یہاں فی گھنٹہ اوسطاً دو ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں اس کے علاوہ 23 سو راہگیر بھی گزرتے ہیں۔

جبکہ ویک اینڈ کے دنوں میں یہاں سے ہر گھنٹے میں ایک ہزار سے زائد راہگیر JBR کی جانب جاتے ہیں۔الطائر نے مزید کہا کہ اس پُل کاخم دار ڈیزائن اس کی خوبصورت میں اضافہ کرتا ہے ۔ 2006ء میں دُبئی بھر میں راہگیروں کے لیے صرف 13 پُل تھے جو اب بڑھ کر 129 ہو گئے ہیں۔ 2021ء سے 2026ء کے درمیان راہگیروں کے لیے مزید 36پُل تعمیر کرنے کے بعد کُل تعداد 165 ہو جائے گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں