دُبئی میں مشہور اداکارہ سالگرہ کی تقریب منانے پر گرفتار

پولیس کے مطابق عرب اداکارہ M.H. نے کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو ریسٹورنٹس میں سالگرہ کی تقریبات منعقد کیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 21 ستمبر 2020 16:45

دُبئی میں مشہور اداکارہ سالگرہ کی تقریب منانے پر گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 ستمبر2020ء) دُبئی میں ایک مشہور اداکارہ کو سالگرہ کی تقریبات منانے پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دُبئی پولیس کے مطابق عرب اداکارہ نے دُبئی کے دو ریسٹورنٹس میں اپنی سالگرہ کی دو تقریبات منعقد کیں۔ جہاں اس نے بہت زیادہ لوگوں کو مدعو کر رکھا تھا۔ حالانکہ کورونا کی موجودہ صورت حال کے باعث لوگوں کے اجتماعات پر پابندی ہے، حتیٰ کہ شادی اور جنازے کے موقع پر بھی دس سے زائد افراد اکٹھے نہیں ہو سکتے، اور ان لوگوں کا بھی آپس میں قریبی رشتہ دار ہونا بہت ضروری ہے۔

تاہم اس عرب اداکارہ نے سالگرہ کی تقریب منعقد کی اور پھر اس کی ویڈیو سوشل میڈیا کے سنیپ چیٹ اکاؤنٹ پر پوسٹ کر دی۔ جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مشہور اداکارہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ کو اس خلاف ورزی پر 10 ہزار درہم یا زائد جرمانہ ہو سکتا ہے واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بڑے خاندانی اجتماعات پر پابندی عاید کردی ہے اور اب صرف دس افراد کو شادیوں یا جنازوں میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یو اے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں شہریوں اور مکینوں کو ہدایت کی کہ شادیوں اور دوسرے خاندانی اجتماعات کو صرف دس افراد تک محدود رکھا جائے اوراب ان میں صرف دونوں متعلقہ خاندانوں کے افراد ہی شریک ہوسکیں گے۔ان تقاریب میں شریک ہونے والے مہمانوں کو پیشگی حفاظتی احتیاطی تدبیر کے تحت کوِڈ19کا 24 گھنٹے پہلے ٹیسٹ کرانا چاہیے۔

ان میں مہمانوں کو کھلے کھانے پیش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ایک مرتبہ استعمال کے بعد ضائع کیے جانے والے برتنوں میں کھانے پینے کی اجازت ہوگی تاکہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔کسی متوفی کی تجہیزوتدفین کے عمل میں بھی اسی قاعدے کا اطلاق ہوگا اور صرف دس افراد جنازے اور تدفین کے عمل میں شرکت کرسکیں گے۔نئے قواعد کے تحت صرف دو افراد قبر کھودنے کے ذمے دار ہوں گے۔

میت کو چار اور آٹھ افراد اٹھا سکیں گے۔حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ اس تمام عمل میں استعمال ہونے والے آلات کو قبل اور بعد از تدفین جراثیم کش سپرے سے مصفا کیا جائے۔ڈیزاسٹر اتھارٹی نے لوگوں پر زوردیا کہ وہ وقفے وقفے سے اپنے ہاتھوں کو دھوتے رہیں اور ان کی تطہیر کے لیے 60 سے 80 فی صد الکوحل پر مشتمل محلول کو استعمال کریں۔اتھارٹی نے قبرستانوں میں کام کرنے والے ورکروں کو ہدایت کی کہ وہ ہمہ وقت چہرے پر ماسک پہن کررکھیں۔

اگر انھیں نظام تنفس مثلا کھانسی وغیرہ کا کوئی عارضہ لاحق ہے تو اس کے بارے میں محکمہ صحت کے عملہ کو مطلع کریں اور جنازوں میں شرکت سے گریز کریں۔اس نے بتایا کہ متعلقہ حکام مذکورہ تمام تقاریب اور جنازوں وغیرہ کی مانیٹرنگ کریں گے اورنئے اعلان کردہ تمام قواعد وضوابط کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں