دبئی کے رہائشیوں کیلئے الرٹ جاری

دھند کے باعث 9 گھنٹوں کے دوران درجنوں ٹریفک حادثات ہوئے، ہزاروں ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں: دبئی پولیس

muhammad ali محمد علی بدھ 23 ستمبر 2020 00:53

دبئی کے رہائشیوں کیلئے الرٹ جاری
دبئی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-22 ستمبر2020ء) دبئی کے رہائشیوں کیلئے الرٹ جاری، دبئی پولیس کے مطابق دھند کے باعث 9 گھنٹوں کے دوران درجنوں ٹریفک حادثات ہوئے، ہزاروں ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران متحدہ عرب امارات کے کچھ علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ شدید دھند والے موسم کی وجہ سے کئی اماراتی علاقوں میں ٹریفک حادثات رونما ہوئے۔

گزشتہ روز ایمرٹس روڈ پر شدید دھند کی وجہ سے 21 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔ جبکہ منگل کے روز دبئی کے علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں آئے، جس کی وجہ سے شاہراہوں پر درجنوں ٹریفک حادثات رونما ہوئے۔ دبئی پولیس کے مطابق 9 گھنٹوں کے دوران 29 ٹریفک حادثات پیش آئے جبکہ ہزاروں ایمرجنسی کالز بھی موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس نے دھند کے موسم کے باعث شہریوں کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے ہر ممکن طور پر احتیاط برتی جائے۔

ڈرائیونگ کرنے والے حضرات کو تلقین کی گئی ہے کہ اپنی گاڑیوں کی رفتار کم سے کم رکھی جائے، ایک گاڑی سے زیادہ سے زیادہ فاصلہ رکھا جائے، جبکہ ممنوعہ روشنیوں کے استعمال سے بھی گریز کیا جائے۔ دبئی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھند والے موسم کی صورتحال کے دوران شاہراہوں پر اضافہ پٹرولنگ کے ذریعے صورتحال قابو میں رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں