دُبئی میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کے بعد اہم شعبے پر جزوی کرفیو کا فیصلہ

تفریحی سرگرمیاں اور کھانے پینے کی تمام دُکانیں 1 بجے تک بند کرنے کا حکم نامہ جاری ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 25 ستمبر 2020 12:26

دُبئی میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کے بعد اہم شعبے پر جزوی کرفیو کا فیصلہ
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کے مریضوں کی گنتی ایک بار پھر 1,000 ہزار کے ہندسے کو عبور کر گئی ہے، جس کے بعد دُبئی کی حکومت نے شہر کی تفریحی انڈسٹری پر عارضی کرفیو عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دُبئی ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم اینڈ کامرس مارکیٹنگ (DTCM) کی جانب سے ایک سرکلر جاری کیا گیاہے جس کے مطابق شہر بھر میں تمام تفریحی سرگرمیاں رات ایک بجے تک ختم کرنا ہوں گی۔

سرکلر میں ہوٹلز کی انتظامیہ کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ فوڈ اینڈ بیوریج سروسز رات تین بجے سے پہلے پہلے بند کرنے کے پابند ہوں گے، اور ان مقامات کو تین بجے کے بعد کھُلا نہیں رکھا جائے گا۔ تاہم ڈلیوری اور روم سروسز ساری رات جاری رکھی جا سکتی ہیں۔ سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ کہ کورونا سے متعلق گائیڈ لائنز کی مکمل پابندی کی جائے تاکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی اور جرمانوں سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

یہ سرکلر ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر کورونا کیسز کی گنتی میں خوفناک اضافہ ہو گیا۔گزشتہ روز کورونا کے 1,002 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مملکت بھر میں کورونا کے زیر علاج کیسز کی گنتی 10,188 تک جا پہنچی ہے۔جس کے بعد مجموعی کیسز کی گنتی 88,532 تک جا پہنچی ہے۔گزشتہ روز مزید 942 افراد صحت یاب ہو گئے۔ مملکت میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی گنتی 77,937 تک پہنچ چکی ہے۔ کورونا کے باعث اب تک 407 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں