دُبئی میں پولیس اہلکاروں کے بارے میں نازیبا کلمات والی ویڈیو وائرل

پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرنے کے بعد اس کی میڈیا پر تشہیر کرا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اکتوبر 2020 12:14

دُبئی میں پولیس اہلکاروں کے بارے میں نازیبا کلمات والی ویڈیو وائرل
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 اکتوبر2020ء) دُبئی میں ایک اور نوجوان کو پولیس اہلکاروں کی توہین کرنے پر گرفتار کر لیا ہے۔ اس نوجوان نے اپنی ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں پولیس کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی اور پولیس اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔ اماراتی سائبر کرائم قانون کے آرٹیکل نمبر 20 کے تحت جو شخص کسی بھی الیکٹرانک میڈیم کے ذریعے کسی فرد یا اداروں کی توہین کرتا ہے، ان پر بے بنیاد الزام عائد کرتا ہے تو اسے سزاکا سامنا کرنا ہو گا۔

اس کے علاوہ ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ درہم تک کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔ سرکاری ملازمین کا مذاق اُڑانا یا ان کی توہین کرنا ایک سنگین جُرم شمار کیا جاتا ہے۔اس نوجوان کی میڈیا پر نام اور تصویر کے ساتھ تشہیر بھی کی گئی ہے تاکہ دوسرے افراد کو سبق حاصل ہو۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے دوران احتیاطی تدابیرکی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جا رہا ہے۔

جو لوگ ماسک، سماجی فاصلے، کرفیو اور دیگر خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں، انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے نام اور تصویریں بھی میڈیا کے ذریعے سامنے لائی جا رہی ہیں تاکہ دیگر افراد بھی اپنی بدنامی کے خوف سے کورونا سے متعلق قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رہیں۔چند ماہ قبل بھی اماراتی حکومت کی جانب سے کورونا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے مختلف افراد کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہیں جن کا تعلق امارت سمیت دیگر عرب اور ایشیائی ممالک سے ہے۔

ان افراد کو خلاف ورزی کی نوعیت کے لحاظ سے 2 ہزار درہم سے 50 ہزار درہم تک کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے ۔جن افراد کی تشہیر کی گئی ہے وہ ماسک نہ پہننے، کرفیو کی خلاف ورزی کرنے،سماجی تقریبات کا انعقاد کرنے یاان میں شریک ہونے جیسی خلاف ورزیوں میں ملوث پائے گئے۔ ان افراد کی شناخت اور تشہیر کے حوالے سے ایک ورچوئل میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔

تین ایشیائی باشندوں پر گاڑیاں چلاتے وقت ماسک نہ پہننے اور کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر ان کی تشہیر اور جرمانے عائد کیے گئے۔ جبکہ ایک اماراتی اور دو ایشیائی باشندوں کو کرفیو کے دوران گھر سے باہر نکلنے یا سفر کرنے پر تین، تین ہزار درہم کا جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ ان کی تشہیر بھی کی گئی۔ ایک عرب باشندے کو سماجی تقریب کا انعقاد کرنے پر 10 ہزاردرہم کا جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ تین دیگر عرب باشندوں اورایک ایشیائی باشندے کو سماجی و نجی تقریبات میں شریک ہونے پر پانچ ،پانچ ہزاردرہم کا جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک ایشیائی اور ایک اماراتی باشندے کو کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر نہ اپنانے پر دو، دو ہزار درہم کا جرمانہ کیا گیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں