دُبئی میں پاکستانی مالی نے کفیل کا گلہ گھونٹ کر مار ڈالا

پاکستانی مالی کے مطابق اسے دو ہزار تنخواہ کا جھانسہ دے کر صرف 6 سو درہم تنخواہ دی جاتی تھی، کفیل مار پیٹ اور گالم گلوچ بھی کرتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 اکتوبر 2020 11:44

دُبئی میں پاکستانی مالی نے کفیل کا گلہ گھونٹ کر مار ڈالا
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20اکتوبر2020ء ) دُبئی میں ایک پاکستانی مالی نے اپنے کفیل کو کپڑے سے گلہ گھونٹ کر مار ڈالا اور اس واردات کو طبعی موت کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم گھر والوں کو شک ہونے کے بعد وہ جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔پولیس نے اسے ایک شاپنگ پلازہ کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ استغاثہ کے مطابق ایک اماراتی بزرگ کے گھر والوں نے 29 سالہ مالی کو اس کی خدمت کے لیے رکھوایا تھا۔

یہ پاکستانی مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا۔ تاہم پاکستانی مالی نے اماراتی شخص کو تلخ کلامی کے بعد اس کی گردن کے گرد کپڑا لپیٹ کر مار ڈالا۔ مقتول اماراتی کی بیوہ نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ بازار گئی ہوئی تھی۔ ساڑھے چھ بجے شام کو واپس آئی تو دیکھا کہ اس کا ملازم باہر دروازے پر کھڑا تھا جو اسے دیکھتے ہی کہنے لگاکہ صاحب بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑا ہے۔

(جاری ہے)

یہ سُن کر وہ اندر دوڑی تو دیکھا کہ اس کا خاوند فریج کے پاس زمین پر اس حالت میں پڑا تھا کہ اس کا چہرہ نیلا اور سُوجا ہوا تھا۔ وہ یہی سمجھی کہ شاید شوگر لیول کم ہونے سے اس کی یہ حالت ہوئی ہے۔ اس نے اپنے بیٹوں کو بھی کال کر دی اور پولیس کو بھی فون کر کے بُلا لیا۔ تاہم پولیس کے آنے سے قبل ہی مالی فرار ہو چکا تھا۔ جس کا ہمیں پہلے احساس نہیں ہوا۔

طبی امداد کے عملے نے بتایا کہ اس کے والد کا انتقال ہوا ہے تاہم انہوں نے بتایا کہ اس کی گردن کے گرد ایک کپڑا لپیٹا ہوا ہے اور گردن پر پڑے نشانات سے پتا چلتا ہے کہ اس کاگلہ گھونٹ کر ماراگیا ہے۔ پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی جسے بالآخر القوز کے پاس ایک مارکیٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا۔

اسے 2 ہزار درہم کی تنخواہ پر اماراتی بزرگ کی خدمت کے لیے رکھا تھا، مگر انہوں نے اس کی غیر قانونی حیثیت سے اسے صرف 600 درہم تنخواہ دینا شروع کر دی۔ اس کا کئی ماہ تک اس معاملے میں استحصال ہوتا رہا۔مقتول بزرگ بھی اس کی مار پیٹ کرتا اور گالم گلوچ بھی کرتا تھا۔ وقوعہ کے روز بھی ایسا ہونے پراس نے اشتعال میں آ کر اماراتی کی گردن کے گرد ایک کپڑا لپیٹ کر مار ڈالا۔استغاثہ نے ملزم کوسزائے موت دینے کی سفارش کی ہے۔ مقدمے کی اگلی سماعت 15 نومبر کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں