یو اے ای میں موسم گرما شروع ہوتے ہی گاڑیوں کے حادثات بڑھنے لگے

دُبئی پولیس نے گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کوہدایت کی ہے کہ گاڑیوں کی چیکنگ اور مرمت اچھے مکینک سے کروائیں، ورنہ نقصان ہو سکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 اپریل 2021 15:34

یو اے ای میں موسم گرما شروع ہوتے ہی گاڑیوں کے حادثات بڑھنے لگے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 اپریل2021ء) متحدہ عرب امارات کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس گرم موسم میں گاڑیوں کے حادثات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جن میں انجن میں آگ بھڑکنے اور ٹائر پھٹ جانے کے واقعات سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔ ان واقعات کی وجہ سے کئی اموات بھی ہوجاتی ہیں اور بہت سے لوگ شدید زخمی ہوتے ہیں۔

دُبئی پولیس کی جانب سے تمام ڈرائیورز اور گاڑی مالکان کو موسم گرم کے ان خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ وہ گاڑیوں کو گرمیوں کے دوران وقتاً فوقتاًچیک کرواتے رہیں۔گاڑیوں کی چیکنگ اور مرمت کسی اچھی آٹو موبائل ورکشاپ اور مکینک سے کروائیں۔ کیونکہ معمولی سی لاپرواہی یا غلط مرمت انجن میں آگ بھڑکنے کا سبب بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گاڑیوں کے ٹائرز بھی چند روز بھی چیک کرواتے رہیں۔

دُبئی پولیس کے جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مہیر المزروعی کا کہنا ہے کہ گرم موسم میں گاڑیوں میں آگ بھڑک اُٹھنے کے حادثات بڑھنے سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے انجن اور ٹائروں کی ریگولر چیکنگ مرمت کروانا مناسب رہے گا۔ اگر گاڑی کا کوئی پرزہ خراب ہے ، خصوصاً اگر اس کا تعلق انجن اور الیکٹرک وائرز سے ہے، تو اسے فوراً بدلوا لینا ہی اچھا ہے، اس معاملے میں تھوڑی سی بھی کوتاہی یا تاخیر بھاری پڑ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امارات میں اکثر لوگ چند پیسے بچانے کے چکر میں انجن کا کام کسی اناڑی الیکٹریشن یا مکینک سے کرواتے ہیں۔ اس طرح تھوڑے پیسے تو بچ جاتے ہیں، مگر ان کی زندگیاں اور قیمتی گاڑی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنی گاڑیوں کی مرمت یا چیکنگ کو ضروری خیال نہیں کرتے۔ انہی دو وجوہات کے باعث گرمیوں میں گاڑی میں آگ بھڑکنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں۔

اناڑی الیکٹریشن کی خراب وائرنگ اور الیکٹریکل کنکشنز ٹھیک طرح سے نہ جوڑنا بھی شارٹ سرکٹ کی وجہ بنتا ہے۔ ہمیشہ اچھے اور ماہر الیکٹریشن اور مکینک کا انتخاب کریں۔ گاڑیوں سے آئل یا انجن کولنگ واٹر لیک ہونا بھی آگ لگنے کی وجہ بن سکتا ہے۔ ڈرائیورز کو گاڑیوں کی حفاظت اور مرمت سے متعلق خود بھی بنیادی معلومات ہونی چاہئیں۔جبکہ گرمیوں کے دوران ٹائرز پھٹ جانے سے بھی بھیانک حادثات پیش آتے ہیں۔ اس لیے خراب ، گھسے ہوئے اور نقص والے ٹائرز کے ساتھ گاڑی نہ چلائی جائے۔ ایسے ٹائرز کو فوری بدلوا لینا چاہیے۔ ٹائرز کی ریگولر انسپکشن بہت ضروری ہے۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں