مومنین کے لیے خوشخبری، اماراتی حکومت نے قیام اللیل اد اکرنے کی اجازت دے دی

رمضان کے آخری عشرے میں رات12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک مساجد میں قیام اللیل اد اکی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 اپریل 2021 17:19

مومنین کے لیے خوشخبری، اماراتی حکومت نے قیام اللیل اد اکرنے کی اجازت دے دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 اپریل2021ء) رمضان المبارک میں ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عبادت کرے تاکہ اللہ کی خوشنودی اور فضل و کرم حاصل ہو سکے اور اس کے زیادہ سے زیادہ گناہ جھڑ سکیں۔ رمضان کی ایک بڑی عبادت قیام اللیل ہے جو رمضان کے آخری عشرے میں ادا کی جاتی ہے۔ اس عبادت کی بہت فضیلت ہے۔ تاہم کورونا وبا کی وجہ سے ابھی تک یہ یقینی نہیں تھا کہ اماراتی حکومت اس نفلی عبادت کی اجازت دے گی یا نہیں۔

کیونکہ تراویح نماز کی اجازت دے دی گئی تھی مگر اس کا دورانیہ عشاء کی نماز کے ساتھ مل کر صرف آدھ گھنٹے کا رکھا گیا تھا۔ امارات میں مقیم اہلِ اسلام کے لیے خوشیوں بھری خبر آ گئی ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اماراتی حکومت نے اہل ایمان کو قیام اللیل یعنی رمضان کے دوران آدھی رات کی عبادت کی اجازت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم اس دوران کورونا ایس او پیز پر پوری طرح عمل درآمد کرنا ہوگا۔

یہ نفلی نماز امارات کی تمام مساجد میں ادا کی جا سکے گی۔ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NCEMA) نے اعلان کیا گیا ہے کہ قیام اللیل رمضان کے آخری عشرے میں رات 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم لوگوں کو کورونا ایس او پیز یعنی ماسک پہننے، سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی ہدایات پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا۔

بزرگ اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے یہی بہتر ہو گا کہ وہ گھر پر ہی نماز ادا کریں۔ ورنہ کورونا کی موذی وبا کے دنوں میں ان کی صحت اور زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ NCEMA کا کہنا ہے کہ اس نفلی نماز کے لیے آدھ گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔ رات 12 بجے سے ساڑھے بارہ بجے تک عبادت کی جا سکے گی۔ اس کے فوراً بعد تمام مساجد بند کر دی جائیں گی۔

کسی بھی مسجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ قیام اللیل سے مراد ہے ’رات کے وقت قیام کرنا‘، یعنی رب کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے آدھی رات کے وقت اپنی نیند قربان کر کے اس کی عبادت میں مصروف رہنا۔ قیام اللیل کی مذہبی کتابوں میں بہت زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے۔ اس نماز کا دورانیہ ایک گھنٹے سے تین گھنٹے تک ہوتا ہے مگر وبا کی وجہ سے آدھ گھنٹے کی عبادت کی اجازت دی گئی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں