دُبئی کی کار پارکنگ میں فائرنگ کی وائرل ویڈیو جھوٹی نکلی، ملزم کو سزا ہو گئی

غیر ملکی ویٹر نے ٹک ٹاک پر مشہور ہونے کے لیے ساؤنڈایفیکٹس کا سہارا لے کر جعلی ویڈیو بنائی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 اپریل 2021 16:51

دُبئی کی کار پارکنگ میں فائرنگ کی وائرل ویڈیو جھوٹی نکلی، ملزم کو سزا ہو گئی
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29 اپریل2021ء) دُنیا بھر میں اس وقت ٹک ٹک ایپ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ لوگ اس ایپ پر اپنے فالوورز بڑھانے کے لیے نت نئی حرکتیں کرتے ہیں ، جس کی وجہ سے کئی لوگوں کو شہرت مل بھی جاتی ہے۔ تاہم امارات میں ایک غیر ملکی ویٹر کو ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنانا قید اور روزگار سے ہاتھ دھونے کا سبب بن گیا ہے۔ پولیس نے اس ویٹر کو لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے جُرم میں گرفتار کیا اور عدالت نے اسے چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے۔

جس کی وجہ سے اسے نوکری سے ہاتھ دھونے پڑ گئے اور پانچ ہزار درہم کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ ہفتے قبل ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک نوجوان دُبئی کی ایک کار پارکنگ میں موجود تھا، اور لوگوں کو یہ بتا رہا تھا کہ کچھ لوگ اسے مارنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اور پھر گولیوں کی آوازیں آنا شروع ہو گئیں ۔ جس کے بعد یہ نوجوان جان بچانے کے لیے بھاگ اُٹھا تھا۔

یہ ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہوئی۔ تاہم بعد میں پتا لگا کہ فائرنگ کا ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ نوجوان نے مشہوری کے لیے سارا ڈراما رچایا تھا اور بعد میں اس ویڈیو میں جعلی ساؤنڈ ایفیکٹس بھی شامل کر کے لوگوں کو پریشان کرنے کی کوشش کی تھی کہ وہ اس وقوعے کو سچ سمجھ لیں۔ تاہم پولیس نے اس ویڈیو کا نوٹس لینے کے بعد نوجوان ویٹر کو گرفتار کر لیا تھا۔

دُبئی پولیس کے دُبئی پولیس کے الیکٹرانک ایویڈنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ نوجوان کی ویڈیو میں سنائی دینے والی فائرنگ کی آوازیں اصلی نہیں تھیں بلکہ ویڈیو ریکارڈنگ کے بعد شامل کر کے لوگوں کویقین دلانے کی کوشش کی گئی۔ویٹر نے عدالت کو بتایا کہ اس نے ایک کار پارکنگ میں ویڈیو بنا کر فائرنگ اور چیخوں کی آوازیں شامل کیں۔ وہ دوڑتے ہوئے اپنا موبائل کیمرہ اس طرح سے ہلاتا رہا جیسے وہ فائرنگ سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے اس نے گولی چلنے کے ساؤنڈ ایفیکٹس ایک فلم سے لیے تھے۔ اس نے یہ حرکت نئے فالوورز حاصل کرنے کے لیے کی تھی۔ عدالت نے ملزم کو لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے جرم میں چھ ماہ قیداور پانچ ہزار درہم جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں