یو اے ای میں رمضان کے آخری عشرے میں قیام اللیل کی عبادت شروع ہو گئی

اماراتی حکومت نے وبا کے باعث قیام اللیل کا دورانیہ آدھ گھنٹے تک محدود کر دیا ہے، یہ نماز رات 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ادا کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 مئی 2021 12:15

یو اے ای میں رمضان کے آخری عشرے میں قیام اللیل کی عبادت شروع ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 مئی2021ء) رمضان المبارک میں ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عبادت کرے تاکہ اللہ کی خوشنودی اور فضل و کرم حاصل ہو سکے اور اس کے زیادہ سے زیادہ گناہ جھڑ سکیں۔ رمضان کی ایک بڑی عبادت قیام اللیل ہے جو رمضان کے آخری عشرے میں ادا کی جاتی ہے۔ اس عبادت کی بہت فضیلت ہے۔یو اے ای میں رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی گزشتہ رات قیام اللیل کی عبادت کا آغاز ہو گیا ہے۔

گزشتہ سال کورونا لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی وجہ سے روزہ داروں کو قیام اللیل اور تراویح کی نماز مساجد میں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، اور ان نفلی عبادات کو گھر پر ہی ادا کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تاہم اس بار اماراتی حکومت نے ایس او پیز کے ساتھ قیام اللیل کی اجازت دے دی ہے۔

(جاری ہے)

یہ نفلی نماز امارات کی تمام مساجد میں ادا کی جا سکے گی۔

نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ:
۔ قیام اللیل کا دورانیہ آدھ گھنٹہ مقرر کیا گیا ہے، یہ نماز رات 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔ 
۔ قیام اللیل کی نماز ادا کرنے کے فوراً بعد تمام مساجد بند کر دی جائیں گی۔ کسی بھی شخص کو مسجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہو گی۔
۔ اس نفلی عبادت کے دوران تمام لوگوں کو کورونا ایس او پیز یعنی ماسک پہننے، سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی ہدایات پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا۔

۔ بزرگ اور دائمی امراض کے شکار افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ نماز گھر پر ہی ادا کریں تو ان کے حق میں بہتر ہو گاکیونکہ موذی وبا کے دنوں میں ان کی صحت اور زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
۔ تمام عبادت گزاروں کو اپنی جائے نماز گھر سے ہی لانا ہو گی۔ 
 واضح رہے کہ قیام اللیل سے مراد ہے ’رات کے وقت قیام کرنا‘، یعنی رب کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے آدھی رات کے وقت اپنی نیند قربان کر کے اس کی عبادت میں مصروف رہنا۔ قیام اللیل کی مذہبی کتابوں میں بہت زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے۔ اس نماز کا دورانیہ ایک گھنٹے سے تین گھنٹے تک ہوتا ہے مگر وبا کی وجہ سے آدھ گھنٹے کی عبادت کی اجازت دی گئی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں