دُبئی میں ایک خاوند کا اپنی بیوی سے انتہائی گھناؤنا سلوک ،انسانیت کانپ اُٹھی

عدالت نے عرب باشندے کو اپنی بیوی کو مسلسل تشدد کا نشانہ بنانے اور قید رکھنے پر15ماہ قید اور بھاری جرمانے کی سزا سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 5 مئی 2021 13:27

دُبئی میں ایک خاوند کا اپنی بیوی سے انتہائی گھناؤنا سلوک ،انسانیت کانپ اُٹھی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مئی2021ء) دُبئی کی عدالت میں ایک خاتون نے اپنے خاوند کے ظلم اور گھناؤنے سلوک کی ایسی ایسی کہانیاں سُنادیں کہ جنہیں سُن کر انسانیت بھی لرز اُٹھی ہے۔ اس درندہ صفت عرب خاوند نے کونسا ایسا ظلم ہو گاجو اپنی بیوی پر روا نہیں رکھا ہوگا۔ عدالت میں جس نے بھی بے شرم خاوند کے سیاہ کرتوت سُنا، وہ توبہ توبہ کر اُٹھا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق عدالت نے ایک عرب باشندے کو اپنی بیوی کو قید میں رکھنے، بے پناہ تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنانے کے جُرم میں 15 ماہ قید کے علاوہ 1 لاکھ 79 ہزار جرمانے کی سزا سُنا دی ہے۔ ملزم کو سزا کی مُدت پوری ہونے کے بعد ڈی پورٹ بھی کیا جائے گا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کا ظالم خاوند اسے گھر پر قید کر کے تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔

(جاری ہے)

یہاں تک کہ اسے پیشاب پینے پر بھی مجبور کیا۔ درندہ صفت خاوند اسے بجلی کی تار سے مارتا تھا اورنوکیلے اوزار گرم کر کے اس کے جسم کو داغتا تھا ، جس کی وجہ سے وہ تکلیف سے زور زور سے چِلاتی تھی، مگر اس بے رحم کو ذرہ بھر بھی رحم نہیں آتا تھا۔مسلسل تشدد سے اس کے جسم پر نشان پڑ گئے اور تکلیف بھی حد سے زیادہ ہوتی تھی۔ کئی بار گلہ گھونٹ کر اسے تقریباً مار ہی ڈالا تھا۔

اس کے سر کے بال اور بھنویں مونڈ ڈالیں۔ کھانے والا کانٹا گرم کر کے اس کا جسم جلا ڈالا ، یہاں تک کہ گھونسے مار کر اس کا ایک دانت بھی توڑ ڈالا اور کئی بار اس کے ہاتھ پیر باندھ کر بھی مار پیٹ کر بجلی کے تار سے مار پیٹ کی۔ وہ کئی ماہ تک یہ ظلم و ستم برداشت کرتی رہی۔ خاتون کے گھر کی ملازمہ نے بھی اپنے مالک کی جانب سے اس انسانیت سوز سلوک کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مالکن کوکمرے میں ایک ماہ تک بند کر کے مار پیٹ کا نشانہ بنایا گیا۔

حتیٰ کہ اسے بھی لاک کیے گئے کمرے میں جانے کی اجازت نہیں تھی۔ خاتون کی فارنزک رپورٹ میں اس کے جسم پر جلائے اور کھرچے جانے کے نشانات پائے گئے۔ تاہم خاوند کا کہناتھا کہ اس نے اپنی بیوی پر تشدد نہیں کیا۔ اس کا کسی اور سے معاشقہ چل رہا تھا۔ وہ سراسر جھوٹ بول رہی ہے۔ جب اس نے بیوی کو اس کی بے وفائی پر طلاق دینے کی بات کی تو اس نے مشتعل ہو کر خود کو زخمی کر ڈالا ۔ تاہم عدالت نے ملزم کا یہ موقف میڈیکل رپورٹس اور گواہیوں کو سامنے رکھتے ہوئے مسترد کر دیا اور اسے پندرہ ماہ قید کے ساتھ ایک لاکھ 79 ہزار درہم کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم سُنایا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں