دُبئی کے شاہی خاندان میں خوشیاں ہی خوشیاں بکھر گئیں

دُبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمدجڑواں بچوں کے والد بن گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 21 مئی 2021 09:13

دُبئی کے شاہی خاندان میں خوشیاں ہی خوشیاں بکھر گئیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21مئی2021ء) دُبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کے گھر اس وقت بہت زیادہ خوشیوں کا سماں ہے۔ شیخ حمدان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے شاہی خاندان میں خوب جشن منایا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز شیخ حمدان کی بیوی شیخہ بنت سعید الثانی المکتوم نے ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو جنم دیا ہے۔ شیخ حمدان نے اپنے بچوں کی پیدائش کی خوشی کی خبر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نیلے اور گلابی پیروں کی تصویر کے ذریعے کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے ہاں ایک بیٹی اور ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

دُبئی میڈیا آفس کے ذرائع کی جانب سے بھی ولی عہد کے گھر جڑواں بچوں کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شیخ حمدان کی نومولود بیٹی کا نام شیخہ بنت حمدان بن محمد المکتوم رکھا گیا ہے جبکہ بیٹے کو راشد بن حمدان بن محمد المکتوم کا نام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

عربی زبان میں شیخہ کے معنی ’شہزادی‘ کے ہیں جبکہ راشد کے معنی ہدایت یافتہ اور صحیح راستے پر چلنے والا ہے۔

نومولود بیٹی کا نام اس کی والدہ کے نام پر رکھا گیا ہے جبکہ بیٹے کا نام شیخ حمدان کے دادا اور موجودہ فرمانروا شیخ محمد کے والد شیخ راشد بن سعید المکتوم کے نام پر رکھا گیا ہے۔شیخ حمدان کے گھر جڑواں بچوں کی پیدائش کی مبارکباد سب سے پہلے ان کی بہنوں شیخہ لطیفہ اور شیخہ مریم نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز کے ذریعے دی ۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر شاہی خاندان اور شیخ حمدان کے لیے مبارکباد کے پیغامات کا ڈھیر لگ گیا۔

شاہی خاندان کی مشہور شخصیات، سرکاری عہدے دار اور سوشل میڈیا کی نامور ہستیوں کی جانب سے اب تک ہزاروں تہنیتی پیغامات سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم و نائب صدر دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تین بیٹوں شیخ حمدان بن محمد، شیخ مکتوم بن محمد(دُبئی کے نائب فرمانروا) اور شیخ احمد بن محمد کی شادی ایک ہی تقریب کے دوران 2019ء میں ہوئی تھی۔ جس پر امارات میں بہت جشن منایا گیا تھا۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں