کورونا وبا کا خوف، بھارتی بزنس مین نے خاندان سمیت امارات واپسی کے لیے بڑی قیمت ادا کر دی

مشتاق انفارگھر والوں سمیت2 لاکھ 77 ہزار درہم کی رقم ادا کر کے خصوصی جیٹ طیارے پر امارات واپس پہنچ گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 25 مئی 2021 14:36

کورونا وبا کا خوف، بھارتی بزنس مین نے خاندان سمیت امارات واپسی کے لیے بڑی قیمت ادا کر دی
 دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی2021ء) بھارت میں اس وقت کورونا وبا اور اس کے باعث ہونے والی لاکھوں ہلاکتوں نے ہر ایک پر خوف اور دہشت طاری کر رکھی ہے۔ ایسے وقت میں جو لوگ مال و دولت کے مالک ہیں، وہ اپنی اور اپنے گھر والوں کی زندگیاں محفوظ رکھنے کی خاطر بڑی سے بڑی قیمت ادا کر کے دیگر ممالک جانے کو تیار بیٹھے ہیں۔ امارات میں مقیم ایک بھارتی بزنس مین بھی تعطیلات پر بھارت آئے تھے، جب پروازوں کی بندش ہونے کے باعث وہ یہیں پھنس گئے۔

اسی دوران کورونا کیسز نے تباہی پھیلانا شروع کی۔ تو مشتاق انفار کے گھر والوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بالآخر دُبئی کے اس مشہور بزنس مین نے امارات واپس آنے کے لیے ایک پرائیویٹ جیٹ طیارہ بک کروایا جس کے لیے 2 لاکھ 77 ہزار درہم(پاکستانی روپوں میں تقریباً1کروڑ دس لاکھ روپے ) کی خطیر رقم ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

بالآخر مشتاق انفار اپنے گھر والوں کے ساتھ واپس امارات پہنچ گئے۔

مشتاق انفار امارات میں اودھ انفار نامی مشہور پرفیوم کا برانڈ چلا رہے ہیں۔
انہوں نے چارٹرڈ طیارے میں اپنی اور گھر والوں کی تصویریں انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ دُبئی واپس آ رہے ہیں۔ پروازیں بند ہونے کے باعث انہوں نے اس خصوصی جیٹ طیارے کا انتخاب کیا۔ امارات واپسی کی اجازت پر وہ دُبئی ایوی ایشن اتھارٹیز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے دبئی واپس کے لیے ان کے لیے چارٹر طیارے کا انتظام کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بھی ایک بھارتی بزنس مین پی ڈی سیامالن نے امارات واپسی کے لیے ایک پرائیویٹ جیٹ طیارہ بُک کروانے پر 2 لاکھ درہم کی رقم ادا کی تھی۔ سیامالن الراس گروپ کے ڈائریکٹر ہیں اور پچھلی چار دہائیوں سے امارات میں مقیم ہیں۔ وہ چند روز قبل بھارتی ریاست کیرالہ کے کوچی ہوائی اڈے سے پرائیویٹ جیٹ کے ذریعے اپنے گھر والوں اور چار ملازمین سمیت دُبئی کے المختوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُترے تھے۔ واضح رہے کہ اماراتی حکومت نے بھارت میں کورونا وائرس کی خطرناک قسم سامنے آنے کے بعد 25 اپریل سے بھارت سے آنے والی تمام مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ جس کے بعد بزنس مین اور امیر افراد پرائیویٹ جیٹ طیاروں کے ذریعے امارات واپس آ رہے ہیں۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں