متحدہ عرب امارات میں قیامت کی گرمی، لوگ بے حال ہو گئے

گرمی سے پریشان راہگیروں، کارکنوں، ڈرائیورزکے تصاویری مناظر گرمی کے قہر کو سامنے لے آئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 جون 2021 12:55

متحدہ عرب امارات میں قیامت کی گرمی، لوگ بے حال ہو گئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 جون2021ء ) متحد ہ عرب امارات میں اس بار گرمی لوگوں سے جیسے انتقام لینے پر تُل گئی ہے۔ سورج روشنی اور دھوپ نہیں، جیسے آگ برسا رہا ہے اور لوگ موسم کی اس خطرناک یلغار کے آگے بے بس اور پریشان نظر آ رہے ہیں۔ دوسری جانب مملکت کے کئی علاقوں میں ہوا میں نمی کی شرح میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جس کی وجہ سے بے انتہا پسینہ بہنے سے ڈی ہائیڈریشن کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں، خصوصاً کھلے آسمان تلے کام کرنے والوں کے لیے گرمی یہ شدید لہر بہت بڑا امتحان بن چکی ہے۔

اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز میں بارش کاکوئی امکان نہیں ہے اور درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوگا۔گزشتہ روز دُبئی کے علاقہ حطہ میں درجہ حرارت 46.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سخت گرمی میں سڑک پر موجود لوگوں کا کیا حال ہو رہا ہے، اس کے کچھ تصاویری مناظر خلیج ٹائمز کی خصوصی رپورٹ میں سامنے آ گئے ہیں۔

شارجہ میں لی گئی ایک تصویر میں دو خواتین گرمی سے بچنے کے لیے سر پر چھتری کا سایہ کیے اپنی منزل کی جانب بڑھتی دکھائی دیں۔

ایک تصویر میں ایک غیر ملکی جوڑا بھی گرمی سے پریشان دکھایا۔خاوند نے اپنے ننھے بیٹے کو گرمی سے بچانے کے لیے اس پر چہرے پراپنے ہاتھ کا سایہ کر رکھا تھا۔ دُبئی میں ایک خاتون چھتری کے بغیر دھوپ میں پھرتی انتہائی پریشان سی لگ رہی تھی۔ ایک شخص ایسا بھی تھا جس نے گرمی سے بچانے کے لیے اپنے سر کو فالتوٹی شرٹ سے ڈھک رکھا تھا۔

اسی طرح ایک خاتون نے ٹی شرٹ پر پہنی قمیض اُتار کر سر پرتانی ہوئی تھی۔
ڈرائیورز بھی شدید گرمی کے ہاتھوں پریشان جلد از جلد اپنی منزل کی جانب پہنچنے کی کوشش میں دکھائی دیئے۔ شارجہ ایکسپو سنٹر کے قریب ایک کارکن نے ہاتھ میں پانی کی بوتل پکڑ رکھی تھی اور سر کو گرمی سے بچانے کے لیے اس پر کوئی کپڑا رکھا ہوا تھا۔

جبکہ ایک فوڈ کمپنی کے ملازمین شدید گرمی کے دوران ہلکان ہونے کے باعث ایک پارک میں تھوڑی دیر کے لیے سستاتے دکھائی دیئے۔
ان سب مناظر سے پتا چلتا ہے کہ اس بار واقعی امارات میں گرمی اپنی پوری شدت کے ساتھ آئی ہے اور لوگوں کو اس سے بچنے کے لیے چھتری یا ٹوپی کے ساتھ ہی نکلنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ گرد آلود ہواؤں سے بچنے کے لیے منہ کو ماسک سے ڈھانپے رکھنا بھی ضروری ہوگا۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں