امارات میں مقیم بے روزگار پاکستانی پریشان نہ ہوں، ملازمت کی بڑی اُمید پیدا ہو گئی

دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سینکڑوں ٹیکسی ڈرائیورز کی بھرتی کا اشتہار دے دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 جون 2021 13:05

امارات میں مقیم بے روزگار پاکستانی پریشان نہ ہوں، ملازمت کی بڑی اُمید پیدا ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جون2021ء ) کورونا کی وبا نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران دُنیا بھر میں کروڑوں افراد کو بے روزگار کر دیا ہے، اور کروڑوں ایسے بھی ہیں جن کی تنخواہوں میں عارضی طور پر کمی کر دی گئی ہے۔ تاہم عالمی سطح پر ویکسی نیشن کے عمل کے بعد آہستہ آہستہ معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ تجارتی اداروں کی جانب سے نکالے گئے ملازمین کی جگہ نئی بھرتیوں کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔

متحدہ عرب امارا ت میں بھی تجارتی اور معاشی سرگرمیوں میں ایک بار پھر تیزی آنا شروع ہو گئی ہے۔ جس کے بعد امارات میں مقیم ان ہزاروں پاکستانیوں کے لیے بھی نئی ملازمت کی اُمید بندھ گئی ہے جو کورونا وبا کے دوران ملازمت گنوا بیٹھے تھے، اور نئی ملازمت کے انتظار میں تھے، ان میں سے بہت سے افراد اپنے وطن کو واپس بھی چلے گئے تھے۔

(جاری ہے)

جن پاکستانیوں کو کئی ماہ کی کوشش کے باوجود امارات میں نوکری نہیں مل رہی، اب ان کے لیے ایک پُرکشش تنخواہ والی ملازمت حاصل کرنے کا نادر موقع ہے۔

دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ڈرائیورز کی سینکڑوں اسامیوں پر بھرتی کا اعلان کیا گیا ہے۔
RTA کے اشتہار کے مطابق 11 جون سے لے کر 15جون تک ٹیکسی ڈرائیورز کی بھرتی کے لیے پانچ روز تک واک ان انٹرویو ہوں گے۔اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیورز کی بھرتی کے لیے یہ انٹرویو دُبئی ٹیکسی کارپوریشن کی بلڈنگ میں 11 جون سے 15جون تک شام 4 بجے سے رات 8بجے تک لیے جائیں گے۔

دُبئی ٹیکسی کارپوریشن کی بلڈنگ محسینہ کے علاقے میں امان سٹریٹ پر واقع ہے۔ جو لوگ ٹیکسی ڈرائیور کی ملازمت حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں، ان کا ٹیکسی ڈرائیونگ کاکم از کم دو سال سے پانچ سال تک کا تجربہ ہونا لازمی ہے۔نوکری کے خواہش مند افرادر اپنےCVs دُبئی ٹیکسی کارپوریشن کے ای میل ایڈریس [email protected] پر بھجوا سکتے ہیں یا پھر +971565151791. پر واٹس ایپ کر سکتے ہیں۔ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ ملازمت فُل ٹائم ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں