ابوظبی میں ایک ڈرائیور کی سنگین خلاف ورزی نے 5 گاڑیوں کا تصادم کروا دیا

وائرل ویڈیو میں ایک کار ڈرائیور کو اشارہ بند ہونے کے باوجود موڑ کاٹتے دکھایا گیا ہے، جس کی وجہ سے باقی گاڑیاں بھی حادثے کا شکار ہو گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 جون 2021 13:15

ابوظبی میں ایک ڈرائیور کی سنگین خلاف ورزی نے 5 گاڑیوں کا تصادم کروا دیا
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جون2021ء) متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کروایا جاتا ہے تاہم بہت سے ڈرائیورز جلد بازی کے چکر میں ان ٹریفک قوانین کی پرواہ نہیں کرتے، جس کا خمیازہ انہیں بھاری جرمانے کی صورت میں بھُگتنا پڑتا ہے۔ ان ڈرائیورز کی سنگین ٹریفک خلاف ورزی دوسری گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بھی بن جاتی ہے اور کئی بار ایسے واقعات میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہو جاتا ہے۔

ایک ایسی ہی سنگین خلاف ورزی ریڈ سگنل پر گاڑی نہ روکنے کی ہے۔ ابوظبی پولیس کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں ایک ڈرائیور کی جانب سے اشارہ کاٹنے پر پانچ گاڑیاں کا آپس میں تصادم دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی اس ویڈیو میں سیلون کار کا ڈرائیور اشارہ بند ہونے کے باوجود چوک پر بائیں ہاتھ مڑ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

جہاں کی ٹریفک کا اشارہ کھُلا ہونے باعث گاڑیاں چوک کراس کرنے والی ہوتی ہیں۔ تاہم اس قانون شکن ڈرائیور کی چوک تیزی سے کراس کرنے کا ایڈونچر بہت بھاری پڑ جاتا ہے۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ سیلون کار کی ایک کے بعد دوسری گاڑی سے ٹکر ہوتی ہے اور ان گاڑیوں کے پیچھے آنے والی گاڑیاں بھی اچانک بریک لگنے سے ٹکرا جاتی ہیں۔ پولیس کی جانب سے اس سنگین خلاف ورزی پر مبنی ویڈیو کی تاریخ اور مقام تو ظاہر نہیں کیا گیا، بس اتنا معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ ابوظبی شہر میں ہی پیش آیا ہے۔

پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اشارہ کاٹنے کی غلطی نہ کریں کیونکہ اس حرکت سے کئی انسانی جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ پولیس نے وارننگ دی ہے کہ ریڈ سگنل کی خلاف ورزی کرنے والے پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ عائد ہو گا اور خلاف ورزی میں ملوث گاڑی بھی 30 دن کے لیے ضبط کر لی جائے گی۔ گاڑی دوبارہ حاصل کرنے کے لیے 50 ہزار درہم کی اضافی رقم بھی ادا کرنی پڑے گی۔ جبکہ ڈرائیور کے لائسنس پر 12 بلیک پوائنٹس کا اندراج کیا جائے گا اور یہ لائسنس چھ ماہ کے لیے معطل کر دیا جائے گا۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں