’جن افراد کے پاس اماراتی آئی ڈی کارڈز نہیں، وہ ڈیجیٹل IDs کا استعمال کریں‘

امارات کی ICA نے ہدایت جاری کی ہے کہ نئے پاسپورٹس اور آئی ڈی کارڈز کی تیاری کے لیے سسٹم اپ گریڈ ہو رہا ہے تاخیر کے دوران ڈیجیٹل آئی ڈی کا استعمال کیا جائے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جون 2021 08:22

’جن افراد کے پاس اماراتی آئی ڈی کارڈز نہیں، وہ ڈیجیٹل IDs کا استعمال کریں‘
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جون2021ء) متحدہ عرب امارات میں کسی بھی شخص کی بڑی شناخت اس کا اماراتی آئی ڈی ہوتا ہے۔ اس آئی ڈی کارڈ کے بغیر بہت سے اہم کام نہیں نمٹائے جا سکتے ہیں جن میں بینکنگ اور سرکاری کاموں سے متعلق معاملات بھی شامل ہیں۔ یہ کارڈ درحقیقت کسی بھی مقامی اور مقیم تارک وطن کے لیے امارات میں قانونی قیام کا ثبوت ہوتا ہے۔

اس وقت بھی لاکھوں افراد نے اماراتی آئی ڈی کارڈ کے لیے اپلائی کر رکھا ہے۔تاہم فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA)کی جانب سے لوگوں کو تاکید کی گئی ہے کہ ان دنوں نئی طرز کے پاسپورٹس اور آئی ڈی کارڈز کی تیاری کے سلسلے میں سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے فی الحال نئے آئی ڈی کارڈز کے اجراء میں تاخیر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

اپ گریڈیشن کے مرحلے کی تکمیل کے بعد ہی نئی طرز کے اماراتی آئی ڈی کارڈز جاری کیے جائیں گے۔

اس لیے جن افراد کے پاس اس وقت اماراتی آئی ڈی کارڈز موجود نہیں ہیں، وہ اپنے متعلقہ کام نمٹانے کے لیے آئی ڈی کی ڈیجیٹل کاپی کو استعمال میں لا سکتے ہیں۔اس حوالے سے اداروں اور محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ جن افراد کے پاس پرنٹ شدہ کارڈ موجود نہ ہو، فی الحال ان کے آئی ڈی کارڈ کے ڈیجیٹل ورژن کو قبول کیا جائے۔آئی ڈی کا یہ ڈیجیٹل ورژنICA کی سمارٹ ایپ پر بھی دستیاب ہے جسے ایپل اور اینڈرائڈ اسٹورز سے مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

کوئی بھی غیر ملکی یا اماراتی خود سے بھی UAE Pass app پر لاگ اِن کرنے کے بعد اپنے اماراتی آئی ڈی کی ڈیجیٹل کاپی ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔ ICA کے مطابق آئی ڈی کا یہ الیکٹرانک ورژن QR سکیننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے استعمال میں لایا جاتا ہے جو کارڈ میں موجودتفصیلات کو فوری طور پر پڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جب کوئی فرد سمارٹ ایپ میں اپنا ڈاکومنٹ والٹ داخل کرتا ہے تو یہ ڈیجیٹل ورژن خود کار طریقے سے جنریٹ ہو جاتا ہے۔ کسی فرد کے پاس پرنٹڈکارڈ موجود نہ ہونے کی صورت میں مختلف خدمات مہیا کرنے والی اتھارٹیز اس ایپ کی مدد سے آئی ڈی کارڈ کے کارآمد ہونے اور دیگر کوائف سے متعلق جانچ پڑتا ل کر سکتی ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں