اسرائیل نے تاریخ میں پہلی بار ایک اماراتی سٹوڈنٹ کو بھی یونیورسٹی میں داخلہ دے دیا

اماراتی نوجوان منصور بن شمخ المرزوقی اسرائیلی یونیورسٹی IDC رفائیل ریکاناتی انٹرنیشنل اسکول سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرے گا، یونیورسٹی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جون 2021 16:37

اسرائیل نے تاریخ میں پہلی بار ایک اماراتی سٹوڈنٹ کو بھی یونیورسٹی میں داخلہ دے دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جون2021ء) متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ سال اگست میں معاہدہ ابراہیم طے پایا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف سفارتی تعلقات بحال ہوئے، بلکہ تفریحی، تعلیمی سائنسی، ثقافتی اور کاروباری میدان میں بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور اشتراک کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان قربتیں بڑھتی چلی جا رہی ہیں۔

اب اسرائیل نے امارات کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک اور بڑا قدم اُٹھا لیا ہے۔ اسرائیل کی تاریخ میں پہلی بار ایک اماراتی نوجوان کو بھی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے یونیورسٹی میں داخلہ دے دیا گیا ہے۔19 سالہ اماراتی نوجوان منصور بن شمخ المرزوقی پہلا اماراتی نوجوان ہے جو اسرائیل کی یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے بعد گریجوایشن کی ڈگری حاصل کرے گا۔

(جاری ہے)

خلیج ٹائمز کے مطابق اسرائیل کی سرکاری یونیورسٹی IDC رفائیل ریکاناتی انٹرنیشنل اسکول میں اماراتی نوجوان کو داخلہ مل گیا ہے۔ یہ بات یونیورسٹی کے بانی اور صدر یوریل ریخمان نے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بڑے فخر کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ ہماری یونیورسٹی اسرائیل کا وہ پہلا تعلیمی ادارہ ہے جہاں یو اے ای کے ایک طالب علم کو داخلہ دے کر تاریخ رقم کی گئی ہے۔

دیر پا امن صرف معاہدوں اور سمجھوتوں سے قائم نہیں ہوسکتا، درحقیقت اس کے لیے عام لوگوں میں امن کے جذبات پیدا کرنے ضروری ہیں۔ تعلیمی تعلقات کی بنیاد پر اس تعلیمی ادارے میں جمع ہونے والے افراد مستقبل میں اپنے لوگوں کی رہنمائی کا کام کریں گے۔ اس تعلیمی عمل سے سٹوڈنٹس میں دوستی اور تعاون کے جذبات پروان چڑھنے سے خطے میں امن کا کلچر فروغ پائے گا۔

اسرائیل کی یونیورسٹی میں آمد پر المرزوقی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر IDC Herzliya کے کیمپس میں یو اے ای کا قومی پرچم بھی لہرایا گیا۔ اس تعلیمی ادارے میں پہلے 90 ممالک کے 21 سو سے زائد اسٹوڈنٹس مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اب امارات کی شمولیت سے ان کی گنتی 91 ہو گئی ہے۔ اماراتی طالب علم المرزوقی نے اسرائیل میں تعلیم حاصل کرنے کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن کو بڑھاوا دینا ٰمیرا خواب ہے، اسی لیے میں نے اسرائیل میں تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہمارے رہنماؤں کی جانب سے یہ موقع مہیا کیا گیا ہے کہ ہم دُنیا کے دیگر اداروں میں تعلیم کے دوران لوگوں کو اپنی اعلیٰ اقدار سے روشناس کروا سکیں۔ تاکہ امن اور خوشحالی کا ماحول پنپ سکے۔ اسرائیل میں تعینات اماراتی سفر محمد الخاجہ نے بھی المزروعی کو اسرائیلی یونیورسٹی میں داخلہ لینے پر مبارک دیتے ہوئے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ” تاریخ ساز معاہدہ ابراہیمی پر دستخط کے بعد یو اے ای اور اسرائیل خطے میں خوشحالی اور امن کو بڑھاوا دینے کے عزم پر کاربند ہیں اور ان رکاوٹوں کو دُور کرنے کے لیے بھرپور اشتراک کر رہے ہیں جن کے باعث دونوں قومیں لمبے عرصے تک ایک دوسرے کے قریب نہیں آ سکی تھیں۔

یہ ہمارے مشترکہ ویژن کے تحت طے کی گئی منزل کا ایک بڑا سنگ میل ہے۔ تحقیقی شعبے میں تعاون اور سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام کے باعث دونوں ممالک کے باشندے ایک دوسرے کے قریب تر ہوتے جائیں گے۔“

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں