دُبئی ایئرپورٹ پر منشیات برآمد ہونے پر ملزم نے انوکھا بیان دے دیا

افریقی ملزم نے ہیروئن پکڑے جانے پر کہاکہ مجھے کسی نے یہ پیکٹ دیا تھا، میں سمجھا اس پیکٹ میں کیلے ہیں، عدالت نے سزا سُنا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جون 2021 17:52

دُبئی ایئرپورٹ پر منشیات برآمد ہونے پر ملزم نے انوکھا بیان دے دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جون2021ء) دُبئی ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے ایک غیر ملکی کو گرفتار کر لیا ہے ، جس کے پاس موجود سامان میں رکھے ایک پیکٹ سے منشیات برآمد ہوئی تھی، تاہم ملزم نے پکڑے جانے پر کہا کہ اسے یہ پیکٹ کسی نے دُبئی میں موجود ایک شخص کو پہنچانے کے لیے دیا تھا، وہ یہی سمجھتا رہا کہ اس میں کیلے ہیں۔ اسے ہرگز نہیں پتا تھا کہ اس پیکٹ میں منشیات ہے۔

تاہم عدالت کے جج نے اس کے لاعلمی کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے 10 سال قید اور 50 ہزار درہم جرمانے کی سزا سُنا دی ہے۔کسٹمز کے مطابق یہ شخص افریقہ سے دُبئی پہنچا تھا، جسے گرفتار کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اسے روانگی سے پہلے ایک شخص نے یہ پیکٹ دیا تھا کہ اسے دُبئی میں ایک شخص کے حوالے کر دے۔

(جاری ہے)

بدلے میں اس نے سفر کے اخراجات اور امارات میں نوکری دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔

ملزم کے مطابق اسے بالکل نہیں پتا تھا کہ یہ پیکٹ منشیات کا ہے، وہ اسے کیلوں کا پیکٹ سمجھ کر لایا تھا۔دُبئی کریمنل کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کا کہنا تھا کہ افریقی ملزم گزشتہ سال نومبر میں دُبئی کے ٹرمینل 3 کے ذریعے افریقہ سے امارات پہنچا تھا۔ جب ایک کسٹم افسر نے اس کے سامان کی سکیننگ کی تو اس میں کچھ مشکوک سی شے نظر آیا۔

جس کے کے بعد بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے پاؤڈر سے بھرے دو پیکٹ برآمد ہوئے ، جو دراصل منشیات تھی۔ تاہم ملزم نے پکڑے جانے پر کسٹم افسر کو کہا تھا کہ اسے نہیں پتا تھا کہ یہ منشیات ہے۔ وہ یہی سمجھ رہا تھا کہ ان پیکٹس میں کیلے ہیں جو دُبئی میں کسی شخص کو پہنچانے ہیں۔ عدالت نے اس شخص کی کہانی پر یقین نہ کرتے ہوئے اسے سخت سزا سُنا دی ہے۔چند روز قبل بھی دُبئی آنے والے ایک مسافر کے پاس موجود کارن فلارز کے پیکٹس سے 12 کلوگرام منشیات پکڑی گئی تھی۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں