متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا

لوگوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی تاکید کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جون 2021 11:08

متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کے بعد کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جون2021ء) متحدہ عرب امارات میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظرقومی ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) نے شہریوں اورمکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وائرس سے بچاوٴ کے لیے حفاظتی پروٹوکول کی پاسداری کریں،چہرے پر ماسک پہن کررکھیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں۔این سیما نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یو اے ای میں شامل تمام امارتوں میں مئی میں عیدالفطرکے بعد سے کووِڈ-19 کے کیسوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بڑی وجہ یہ بیان کی گئی ہے کہ لوگ کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے ہیں اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔العربیہ نیوز کے مطابق شعبہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی نے الگ سے ایک بیان میں اب تک ویکسین نہ لگوانے افرد سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے دستیاب ویکسینوں میں سے کوئی ایک ویکسین ضرورلگوائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرفریدہ الحوسنی کے مطابق اب تک یواے ای میں 16 سال سے زیادہ عمرکی اہل آبادی میں سے 87۰17 فی صد افراد اور 99۰52 فی صد ضعیف العمر افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ یو اے ای اس وقت کووِڈ-19 کی وَبا سے نمٹنے میں عرب ممالک میں سب سے آگے ہے۔تاہم این سیما کا کہنا ہے کہ کووِڈ-19 کی نئی شکلیں ان مکینوں کے لیے خاص طورپر خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں جنھوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ہے۔

اتھارٹی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کووِڈ-19 کی ویکسینوں اوران کی اس وبا سے نمٹنے کی کاوشوں میں موٴثرہونے کی جانچ کے لیے محققین سے مل کرمطالعات کیے جارہے ہیں۔اس ضمن میں یو اے ای میں اب تک 400 سے زیادہ سائنسی مطالعات کیے جاچکے ہیں۔ان کے نتائج سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے اورپھرایک تقویتی انجیکشن لگوانے والے افراد اب اس مہلک وائرس کاشکار ہونے کے خطرے سے محفوظ ہوچکے ہیں،بہ نسبت ان لوگوں کے جنھوں نے ابھی تک ویکسین کی کوئی خوراک نہیں لگوائی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں