دُبئی ایئرپورٹ پر مسافر کی ہوشیاری دھری کی دھری رہ گئی

سامان میں مہارت سے چھپائی گئی 10 کلوگرام منشیات کسٹمز اہلکاروں نے پکڑ لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 جون 2021 15:39

دُبئی ایئرپورٹ پر مسافر کی ہوشیاری دھری کی دھری رہ گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جون2021ء) دُبئی ایئرپورٹ پر اسمگلنگ کو ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے اور کسٹمز اہلکاروں کو منشیات کا پتا چلانے کے لیے عالمی معیار کی ٹریننگ دی گئی ہے۔ اسی وجہ سے دُبئی میں منشیات اسمگل کرنا خاصا مشکل ہو گیا ہے۔ دُبئی ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دُبئی کسٹمز کے انسپکٹرز نے ٹرمینل تھری پر 10 کلوگرام کوکین پکڑ لی ہے جو ایک ایشیائی ملک سے آنے والے مسافر نے انتہائی چالاکی سے بیگز کی اندرونی سلائی میں چھُپا رکھی تھی۔ کسٹمز کے اعلیٰ عہدے دار خلیفہ بن شاہین نے بتایا کہ ہمارے آفیسرز کو ایک مسافر پر شک ہوا تھا، جس کے پاس خاصا سامان موجود تھا۔

(جاری ہے)

اس مسافر سے پوچھا گیا کہ اس کے پاس کوئی غیر قانونی سامان تو نہیں ہے، تو اس نے انکار کیامگر وہ بہت گھبرایا لگ رہا تھااور جسم بھی کانپ رہا تھا جس پر اہلکاروں کو شک ہوا۔

کسٹمز انسپکٹرز نے مسافر کا سامان چیک کیا تو بیگز کی سلائی کے اندر بنائے گئے خفیہ خانوں سے خالص کوکین کی 9.6 کلوگرام مقدار برآمد ہوئی۔ جس کے بعد اس مسافر کو اس کے بیگز اور منشیات سمیت پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔خلیفہ بن شاہین کا کہنا تھا کہ امارت میں تمام طرز کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کے لیے مختلف قسم کے پروگرامز، سسٹمز، ٹیکنالوجیزاور منصوبہ بندی اختیار کی گئی ہے۔

جن میں دُبئی ایئرپورٹ سمارٹ بیگ انسپکشن سسٹم کے علاوہ دیگر ایڈوانسڈ سسٹمز بھی شامل ہیں۔ جن کی مدد سے منشیات کا پتا چلانے اور دیگر ممنوعہ اشیاء کا پتا چلانے میں بہت کامیابی مل رہی ہے۔ دُبئی کسٹمز کا سمارٹ رسک انجن ایک ایسا جدید ترین سسٹم ہے جس کی بدولت کسی بھی مشکوک سامان کی نشاندہی ممکن ہو رہی ہے۔ اولین ترجیح اماراتی سماج کو منشیات کے نقصانات سے محفوظ رکھنا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں