دُبئی میں بھی پاکستانی گینگ نے بھتہ وصول کرنا شروع کر دیا

القوز میں پاکستانی غنڈوں نے 5 ہزار درہم بھتہ نہ دینے پر ہم وطن دُکاندار کو شدید زخمی کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 25 جون 2021 14:06

دُبئی میں بھی پاکستانی گینگ نے بھتہ وصول کرنا شروع کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 جون 2021ء) پاکستان کے کچھ علاقوں میں بھتہ وصول کرنے کا رحجان بہت عام ہو گیا ہے۔ خصوصاً کراچی میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران لوگوں کو ڈرا دھمکا کر یہ جگا ٹیکس وصول کرنے کا بہت رحجان تھا۔ جس میں اب جا کر کچھ کمی آئی ہے۔ تاہم اب جرائم پیشہ پاکستانیوں نے دُبئی میں اپنے ہی ہم وطنوں سے بھتہ وصول کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

خلیج اخبار دی نیشنل کے مطابق دُبئی کے علاقے القوز میں ایک پاکستانی دُکاندار کو ہم وطن افراد نے اس بناء پر شدید زخمی کر ڈالا کیونکہ اس نے انہیں بھتہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ دُبئی پولیس کے مطابق یہ واقعہ چند ہفتہ پہلے پیش آیا تھا جس میں 21سالہ پاکستانی دُکاندار کے علاوہ ایک اور غیر ملکی کارکن بھی زخمی ہوا تھا جنہیں تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ان دونوں افراد کی جانیں بمشکل بچ پائی تھیں۔ پولیس نے بھتہ طلب کرنے والے پاکستانی گینگ کے پانچوں کارندوں کو گرفتار لیا گیا تھا۔ جن کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ متاثرہ پاکستانی دُکاندار نے پولیس کو بتایا کہ اس کے ہم وطن جرائم پیشہ افراد اس سے مطالبہ کرتے تھے کہ اگر اس نے القوز میں کاروبار کرنا ہے تو اسے انہیں بھتہ دینا ہو گا۔ وقوعہ کے روز پاکستانی نوجوان اپنے کاروباری مرکز کے باہر بیٹھا تھا جب گینگ کے پانچ ملزمان اس کے پاس آ گئے او ر اس سے پانچ ہزار درہم کا بھتہ مانگا ۔

جب پاکستانی دُکاندار نے ان کی بات ماننے سے انکار کیا توپہلے اس پر گرم گرم چائے کا کپ اُنڈیل دیا اور پھر اس پر حملہ کر کے اسے زمین پر گرا یااور پھر اس پر چاقو سے وار کرنے شروع کر دیئے۔ یہ لوگ اسے چاقو کے وار کر کے قتل کرنا چاہتے تھے، تاہم اسی دوران ایک اور غیرملکی کارکن وہاں آ گیا جس نے مدعی کی جان بچانے کی کوشش کی۔ تو ان لوگوں نے اس شخص کو بھی چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔واقعے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد پولیس پہنچ گئی۔ جس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ عدالت نے ملزمان پر ارادہ قتل کی فردِ جُرم عائد کر دی ہے۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 7جولائی کو ہو گی۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں