دُبئی نے بھی عید الاضحٰی کے موقع پرمتعدد پاکستانی قیدی رہا کر دیئے

دُبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے مختلف ممالک کے 520 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 17 جولائی 2021 13:31

دُبئی نے بھی عید الاضحٰی کے موقع پرمتعدد پاکستانی قیدی رہا کر دیئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 جولائی2021ء ) عید الاضحی اپنے پیاروں کے ساتھ خوشیاں منانے کا تہوار ہے۔ تاہم پردیس میں بہت سے پاکستانی قیدی جو معمولی جرائم یا قرض کی رقم ادا نہ کرنے کی وجہ سے یہ تہوار ان کے ساتھ نہیں منا سکتے۔ ان کی بے بسی دیکھنے لائق ہوتی ہے۔ ہر سال اماراتی حکومت کی جانب سے عید کے تہواروں پر ہزاروں قیدیوں کو رہا کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منا سکیں اور ایک نئی زندگی شروع کر کے گھر والوں کی کفالت کر سکیں اور سماج کے لیے ایک کارآمد شخص ثابت ہو سکیں۔

د و روز قبل یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے 855 غیر ملکی قیدیوں کی سزائیں معاف کر کے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اب اماراتی ریاست دُبئی کی جانب سے بھی عید الاضحی کی آمد سے پہلے سینکڑوں قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جن میں پاکستانی بھی بڑی گنتی میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دُبئی کے حکمران اور یو اے ای کے وزیر اعظم و نائب صدر شیخ محمد بن راشد المختوم نے بھی عید کے موقع پر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 520 قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں پاکستانی بھی بڑی گنتی میں شامل ہیں۔

شیخ محمد کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت معمولی جرائم میں قید افراد کو عید کے موقع پر رہائی دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے دُبئی کے اٹارنی جنرل عیسام عیسیٰ ال حمیدن نے بتایا ہے کہ دُبئی کے فرمانروا کی جانب سے قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو خوشی دینے کی خاطر یہ اعلان کیا گیا ہے تاکہ ان لوگوں کو اپنی زندگیوں کو سنوارنے کا ایک موقع دیا جا سکے ۔

حکم نامہ جاری ہوتے ہی دُبئی پولیس کی جانب سے سینکڑوں قیدیوں کو رہا کرنے کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النھیان نے ملک کی جیلوں میں مختلف جرائم میں سزا ئیں کاٹنے والے 855 قیدیوں کی باقی سزامعاف کرتے ہوئے انہیں عید الاضحی کے موقع پر معافی کر کے رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔ اس حکم پر فوری طور پر عمل ہو گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اپنے وطن کو لوٹ کر اپنے گھر والوں سے مل سکیں اور مل کر عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں