دُبئی میں پاکستانی ڈرائیور نے ریسٹورنٹ سے سامان چرانے کی واردات ناکام بنا دی

پاکستانی ملزمان نے پاکستانی ڈرائیور کوفون کر کے گیس سلنڈرز کہیں اور لے جانے کی بات کی تھی، شک پڑ نے پر پولیس کو فون کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 جولائی 2021 11:41

دُبئی میں پاکستانی ڈرائیور نے ریسٹورنٹ سے سامان چرانے کی واردات ناکام بنا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19جولائی2021ء ) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی ڈرائیور نے سمجھداری سے کام لیتے ہوئے ایک ریسٹورنٹ سے گیس سلنڈر چوری کی واردات ناکام بنا دی اور پولیس کو اطلاع کر کے دو پاکستانی ملزمان کو بھی پکڑوا دیا جبکہ تیسرا ملزم فی الحال مفرور ہے۔ گلف نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے پاکستانی ڈرائیور کو اس کی حاضر دماغی پر شاباش دی گئی ہے۔

عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران دو پاکستانی ملزمان کو تین ، تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کرنے کی سزا دی گئی ہے۔ پاکستانی ڈرائیور نے عدالت کو بتایا کہ وہ کئی سالوں سے دُبئی میں مقیم ہے اور یہاں پر لوڈر پِک اپ چلاتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اسے رات 3 بجے ایک فون کال آئی۔ فون کرنے والے نے بتایا کہ وہ پاکستانی ہے، اسے کچھ سامان پک اپ کے ذریعے کسی اور مقام پر پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ جگہ اور معاوضہ طے ہو گیا۔ ملزمان نے اسے صبح چھ بجے بُلایا تھا۔ تاہم اسے معاملہ کچھ مشکوک سا لگ رہا تھا۔ وہ اپنے ایک دوست کے ساتھ پک اپ پر ان کے پاس گیا۔ جہاں ملزم اور اس کے دیگر دو ساتھیوں نے اس کی پک اپ پر گیس سلنڈر لوڈ کرنے شروع کر دیئے۔ پاکستانی ڈرائیور نے انہیں منع کیا کہ پک اپ پر گیس سلنڈر لے جانے کی ممانعت ہے، تاہم ان لوگوں نے زبردستی اس کی پک اپ پر 9 گیس سلنڈر لوڈ کر دیئے۔

اسے ان لوگوں کا رویہ مشکوک لگ رہا تھا۔ جب اس کی پک اپ نائف کے علاقے میں ایک ٹریفک سگنل پر رُکی تو اس نے پولیس کو کال کر دی۔ پک اپ کی پچھلی جانب بیٹھے ملزمان کو شک ہو گیا اور وہ پک اپ سے باہر نکل کر دوڑ پڑے۔ پاکستانی ڈرائیور اور اس کے دوست نے بھی ان کے پیچھے دوڑ لگا دی اور ایک ملزم کو پکڑ لیا۔ تھوڑی دیر میں پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر اس ملزم کو حراست میں لے لیا۔

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس کے ساتھ دیگر دو ملزمان نے یہ گیس سلنڈرز ایک ریسٹورنٹ سے چوری کیے تھے اور پک اپ میں لوڈ کر کے لے جا رہے تھے۔ اس نے یہ سامان لوڈ کیا ہے، اس کا اس واردات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا، تاہم تیسرا ساتھی مفرور ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو تین، تین ماہ قید کی سزا سُنا دی اور مُدت پوری ہونے کے بعد ڈی پورٹ کیے جانے کا حکم دیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں