دُبئی نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

سفر سے پہلے دونوں ویکسین لگوانے ، زیادہ کیسز والے ممالک نہ جانے، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا ذخیرہ پاس رکھنے اور ذاتی اشیاء کسی کے ساتھ نہ شیئر کرنے کی ہدایات شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 جولائی 2021 14:46

دُبئی نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 جولائی 2021ء ) متحد ہ عرب امارات میں آج عید کا پہلا روز ہے۔ عید سے قبل گرمائی تعطیلات اور عید کے دوران کی تعطیلات کی وجہ سے لاکھوں افراد امارات سے باہر سیر و تفریح کی غرض سے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے دُبئی ہیلتھ اتھارٹی (DHA)نے تازہ ترین ٹریول ایڈوائزی جاری کی ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے ویکسین کی دونوں خوراکیں لازمی لگوا لیں اور ایسے ملک کا رُخ کریں جہاں کورونا کیسز کنٹرول میں اور کم گنتی میں ہوں۔

اس کے علاوہ انہیں کہا گیا ہے کہ:
۔ جس مقام پر جا رہے ہیں اس کے حوالے سے ٹریولر کلینک پر اپائنٹمنٹ لے لیں۔ تاکہ آپ کو تمام ممکنہ خطرات کے بارے میں آگاہی ہو سکے۔ ان میں وہاں کے متعدی امراض، ہیلتھ سسٹم، سیکیورٹی لیول، آب وہوا کے مسائل، کورونا کیسز کی یومیہ شرح ، پانی اور باتھ روم سے متعلق سہولیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

 

۔ جس ملک جا رہے ہیں وہاں کے کورونا سے متعلق ریگولیشنز اور پروسیجر سے متعلق مکمل آگاہ رہیں۔

۔ اگر آپ کو کسی بیماری کا سامنا ہے تو سفر سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کر لیں ۔
۔ جس ملک میں جا رہے ہیں وہاں ایسے ہوٹل میں قیام کریں جہاں کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا جاتا ہو۔
۔ اپنے پاس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا مناسب ذخیرہ رکھیں۔
۔ جس ملک میں آپ کا قیام ہوگا، وہاں تمام وقت اپنا ماسک پہنے رکھیں۔
۔

رش والے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور عوامی مقامات پر احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں۔
۔ اپنے ہاتھوں کو دھوئیں بغیر ان سے اپنی آنکھیں، ناک اور منہ کو چھونے سے گریز کریں۔
۔ اگر کسی ٹیبل، دیوار یا جگہ کی سطح کو چھوتے ہیں تو اس کے بعد اپنے ہاتھوں کو فوراً سینیٹائز کر لیں۔
۔ اپنا ذاتی سامان اور دیگر آئٹمز دوسروں کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

۔ کوشش کیجیے کہ رقم کی ادائیگی ڈیجیٹل ذرائع سے کی جائے۔نقد رقم لینے اور دینے سے گریز کیا جائے۔
۔ اگر آپ کو بخار یا سانس لینے میں کوئی دشواری ہو تو خود کو الگ تھلگ کر لیں اور ڈاکٹر کو چیک کروائیں۔
۔ سفر سے واپسی پر اگر آپ میں کورونا سے متعلق کوئی علامات ظاہر ہوں تو خود کو الگ تھلگ رکھیں اور فوراً پی سی آر ٹیسٹ کروائیں۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں