امارات میں مقیم افراد کو پولیس نے عید کے موقع پر اہم وارننگ جاری کر دی

آتش بازی پر پابندی ہو گی، خطرناک ڈرائیونگ اور ممنوعہ علاقوں میں سائیکلنگ کی بھی اجازت نہیں ہو گی، پبلک پارکس میں اپنے بچوں پر نگاہ رکھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 جولائی 2021 15:50

امارات میں مقیم افراد کو پولیس نے عید کے موقع پر اہم وارننگ جاری کر دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 جولائی 2021ء ) متحد ہ عرب امارات میں آج عید الاضحٰی منائی جا رہی ہے۔ ابوظبی پولیس نے اس حوالے سے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر کچھ سرگرمیوں سے باز رہیں ورنہ اس کے نتائج خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران سڑکوں پر خطرناک ڈرائیونگ سے باز رہیں۔ اس کے علاوہ بغیر اجازت آتش بازی پر بھی پابندی عائد ہے۔

ممنوعہ علاقوں میں سائیکلنگ کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ دُبئی پولیس کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ عید کے دوران اپنے بچوں پر نگاہ رکھیں خصوصاً پبلک پارکس میں انہیں اپنی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔ تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل المری نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے عید الاضحی کے حوالے سے تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ہم نے تمام پولیس اسٹیشنز اور جنرل ڈیپارٹمنٹس کے لیے ایک پلان آف ایکشن تیار کیا ہے جس کے تحت تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔ ہم ہر شخص پر زور دیتے ہیں کہ وہ قانون کی پابندی کریں اور کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کریں تاکہ لوگوں کی زندگیوں اور صحت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔ ایسی کوئی خلاف قانون سرگرمی نہ کی جائے جس سے امن عامہ متاثر ہو۔

المری کی جانب سے دُبئی پولیس کے تمام ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان، امارات کے وزیر اعظم و نائب صدر اور دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم، ابوظبی کے ولی عہد اور اماراتی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان، سپریم کونسل کے ممبران اور اماراتی ریاستوں کے فرمانرواؤں اور امارات میں مقیم تمام افراد کو عید کی بہت بہت مبارک دیتے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں