دُبئی ایئرپورٹ پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے

فلائی دُبئی اور گلف ایئر کے طیاروں کا اُڑان بھرنے سے قبل تصادم ہوا، خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 جولائی 2021 08:20

دُبئی ایئرپورٹ پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جولائی 2021ء) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ عید کا تیسرا دن تھا۔ لوگوں کی جانب سے خوب خوشیاں منائی جا رہی تھیں۔ گزشتہ روز بھی ہزاروں مسافر تعطیلات منانے یا اپنے وطن واپس جانے کے لیے دُبئی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔ تاہم کل شام کے وقت دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس نے سینکڑوں مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں اور ان میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔

رب کی مہربانی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دُبئی ایئرپورٹ پر دو طیاروں کے آپس میں ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلف ایئر اور فلائی دبئی طیارے ائیرپورٹ کے رن وے پر ٹیکسی کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔

(جاری ہے)

فلائی دبئی کا طیارہ کرغیزستان روانہ ہونا تھا جب وہ رن وے سے اُڑان بھرنے کی تیاری کے دوران گلف ایئر کے طیارے سے ٹکرا گیا۔

اس واقعے سے مسافروں میں سراسیمگی پھیل گئی تاہم تمام مسافر محفوظ رہے ہیں۔ واقعے کے بعد دونوں طیاروں کو واپس اسٹینڈ پر بھیج دیا گیا۔فلائی دُبئی کے مطابق طیارے کو معمولی حادثہ پیش آیا ہے ۔ مسافروں کو چھے گھنٹے کی تاخیر کے بعد ایک اور فلائٹ کے ذریعے ان کی منزل کی جانب بھیج دیا گیا ہے۔ گلف ایئر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس کا ایک جہاز ایک دوسری فضائی کمپنی کے طیارے کی ٹکر کی وجہ سے متاثر ہوا ہے۔

جس کی وجہ سے پرواز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ مسافرون کو ایک اور طیارے کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا جائے گا۔ اس سلسلے میں رات گئے انتظامات کیے جا رہے تھے۔ اس واقعے کے نتیجے میں دُبئی ایئرپورٹ کا رن وے دو گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ جسے طیاروں کے ہٹائے جانے کے بعد کھول دیا گیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں