امارات میں مسلسل کئی روز سے یومیہ کورونا کیسز 15 سو سے زائد رپورٹ ہونے لگے

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1,528 نئے کیسز سامنے آئے، مزید 4 مریض چل بسے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 26 جولائی 2021 12:20

امارات میں مسلسل کئی روز سے یومیہ کورونا کیسز 15 سو سے زائد رپورٹ ہونے ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 جولائی 2021ء) متحدہ عرب امارات میں حکام نے عید سے کئی روز قبل خبردار کیا تھا کہ اگر لوگوں نے پارٹیوں اور بھیڑ بھاڑ سے گریز نہ کیا تو اس کے پریشان کُن نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ہیلتھ اتھارٹیز اور فرنٹ لائن ورکرزکی جانب سے کورونا وبا کو قابو میں رکھنے کے لیے جو انتھک محنت اور بہترین اقدامات کیے گئے ہیں، وہ محنت ضائع بھی جا سکتے ہیں، اس لیے لوگوں کو عید پر کورونا سے متعلق گائیڈ لائنز پر پوری طرح عمل کرنا ہو گا، جن میں ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا، گلے مل کر عید کی مبارک باد نہ دینا اورعید پارٹیز سے باز رہنا ہے۔

تاہم کچھ لوگوں کی بے احتیاطی کی وجہ سے امارات میں عید کے فوراً بعد کورونا کیسز ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلسل کئی روز سے کورونا کے یومیہ ڈیڑھ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکام نے خبردار کر دیا ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کریں ورنہ کیسز قابو سے باہر ہو سکتے ہیں ۔ کیونکہ کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا بہت خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کورونا کے 1,528 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی گنتی بڑھ کر 6 لاکھ 71 ہزار636 تک جا پہنچی ہے۔ وزارت کے مطابق نئے مریضوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ جبکہ مزید 4 کورونا مریض چل بسے، جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 1,920 ہو گئی ہیں۔ جبکہ مزید 1,491 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جس کے بعد مجموعی صحت یابیاں 6 لاکھ49 ہزار173 ہو گئی ہے۔

وزارت کی جانب سے امارات بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 32 ہزار307 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں مزید 51,073 افراد کو ویکسین خوراکیں دی گئیں۔ مملکت میں اب تک 1 کروڑ64 لاکھ95 ہزار سے زائد ویکسین خوراکیں دی جا چکی ہیں۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات ویکسی نیشن کے معاملے میں دُنیا بھر میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے جو اس کے ہیلتھ سیکٹر کے جدید ترین اور بہترین ہونے کا ثبوت ہے۔

مشہور امریکی میگزین بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپنی آبادی کو زیادہ سے زیادہ ویکسین خوراکیں لگانے والے ممالک کے حوالے سے جو تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آئے ہیں، ان کے مطابق یو اے ای اس فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہو گیا ہے۔ اماراتی وزارت صحت کے مطابق امارات کی اعلیٰ قیادت کے کورونا سے بچاؤ کے فعال ویژن کی بدولت ہی یہ شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے اور کورونا سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا موقع ملا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments