دُبئی کے صحرائی علاقے سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد

پولیس نے مردہ شخص کی تصویر جاری کر کے شناخت میں مدد مانگ لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 28 جولائی 2021 15:26

دُبئی کے صحرائی علاقے سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات میں روزگار کی غرض سے 90 لاکھ سے زائد غیر ملکی مقیم ہیں جن میں سے بھارتی 25 لاکھ جبکہ پاکستانی 16 لاکھ کی گنتی کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر ایشیائی ممالک کے بھی لاکھوں باشندے آباد ہیں۔ امارات میں تارکین کو اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں اس کے علاوہ کئی مجرمانہ وارداتوں میں بھی غیر ملکی مارے جاتے ہیں۔

دُبئی میں ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے ایشیائی باشندہ بتایا جا رہا ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے امارات میں مقیم افراد سے اس شخص کی شناخت کے لیے مدد مانگ لی ہے۔ اس مقصد کے لیے اس نامعلوم مردہ شخص کی تصویر بھی میڈیا کو جاری کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ایک ایشیائی باشندے کی لاش محیسنہ کے علاقے میں ایک ریگستانی مقام سے ملا ہے۔

(جاری ہے)

اس لاش کے پاس سے کوئی شناختی دستاویزات بھی نہیں ملی ہیں۔ جس کی وجہ سے اس شخص کی شناخت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔لاش کو معائنے کے لیے فرانزک ڈیپارٹمنٹ بھجوا دیا گیا ہے جس کے بعد پتا چل سکے گا کہ اس شخص کی موت حادثاتی طور پر ہوئی ہے یا یہ شخص کسی دشمنی یا ڈکیتی کی واردات کے نتیجے میں جان گنوا بیٹھا ہے۔ حتمی رپورٹ فرانزک کے بعد ہی پتا چل سکے گی۔ پولیس کے مطابق ابھی تک کسی شخص کے لاپتا ہونے کی درخواست نہیں سامنے آئی جس سے اس مردہ شخص کو پہچاننے میں مدد مل سکے۔ القصیص پولیس اسٹیشن کی جانب سے تمام لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس مردہ شخص کو کوئی جانتا ہے یا اس کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں تو وہ پولیس کے ٹول فری نمبر 901 پر کال کر کے فراہم کی جائیں۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں