امارات میں عید کے بعد کورونا کیسز کے پھیلاؤ کا خطرہ ٹل گیا

اماراتی حکومت نے تارکین اور مقامی افراد کی حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنے پر تعریف کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 جولائی 2021 11:28

امارات میں عید کے بعد کورونا کیسز کے پھیلاؤ کا خطرہ ٹل گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2021ء ) متحدہ عرب امارات میں عید کی تعطیلات سے قبل یہ خطرہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ عید کے بعد کورونا کیسز میں بے پناہ اضافہ ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے صحت اداروں اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی محنت اور قربانیوں پر پانی پھر نے کا خدشہ موجود ہے۔اسی وجہ سے حکام نے اماراتی اور تارکین افراد کو تاکید کی تھی کہ وہ عید پر زیادہ سماجی میل جول سے گریز کریں۔

دعوتیں اور خاندانی و دوستوں کے اجتماعات کی وجہ سے کورونا کیسز میں اضافہ ہونے کا بھرپور خدشہ ہے ، اس لیے عید محفوظ طریقے سے منائیں۔ لوگوں سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں۔ ماسک پہنے رکھیں اور سماجی فاصلے کی پابندی کو ممکن بنائیں۔ یہ ہدایات اس لیے جاری کی گئی تھیں کہ گزشتہ عید الفطر کے بعد کورونا کے یومیہ کیسز کی گنتی 2 ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی تھی اور پچھلے سال عید الاضحی کے دنوں میں بھی یومیہ کیسز 14 سو سے زائد رپورٹ ہونے لگے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم اس بار یہ خدشات ٹل گئے ہیں۔ اماراتی محکمہ صحت نے عید الاضحٰی کے بعد کیسز میں اضافہ نہ ہونے پر امارات میں مقیم افراد کی جانب سے کورونا سیفٹی پروٹوکولز کی پابندی کرنے پر ان کی خوب تعریف کی ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لوگوں کی احساس ِ ذمہ داری اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی وجہ سے کورونا کے کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NCEMA) کی بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر طاہر العمیری نے بتایا کہ امارات میں یومیہ کیسز میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔

جس کی وجہ سے یہ ہے کہ لوگوں نے عید الاضحٰی احتیاطی تدابیر کے ساتھ منائی ہے۔ امارات میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔ ویکسی نیشن مہم کے تحت ڈیڑھ کروڑ سے سے زائد خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ اسی وجہ سے امارات میں اس موذی وائرس کو روکنے میں بڑی مدد ملی ہے اور یہاں پر سیاحتی اور معاشی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں