دبئی ایکسپو2020ء کیلئے ایمریٹس کی تیار کردہ ویڈیو آتے ہی مقبول ہوگئی

متحدہ عرب امارات میں ایکسپو2020ء کے دوران سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایمریٹس ایئرلائن نے آسٹریلوی اداکار کرس ہیمزورتھ کو اپنی نئی تشہیری مہم کا حصہ بنا لیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 8 ستمبر 2021 16:45

دبئی ایکسپو2020ء کیلئے ایمریٹس کی تیار کردہ ویڈیو آتے ہی مقبول ہوگئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 ستمبر2021ء ) متحدہ عرب امارات میں ایکسپو2020ء کے دوران سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایمریٹس ایئرلائن نے آسٹریلوی اداکار کرس ہیمزورتھ کو اپنی نئی تشہیری مہم کا حصہ بنا لیا اور دبئی ایکسپو2020 کیلئے ایمریٹس کی تیار کردہ ویڈیو آتے ہی مقبول ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیڑھ منٹ کی اس ویڈیو مہم جس کو 2 بار آسکر ایوارڈ جیتنے والے ہدایت کار روبرٹ سٹرومبرگ کی جانب سے ڈائریکٹ کیا گیا ہے ایکسپو2020ء کے انعقاد سے30 دن پہلے سامنے آئی ، ویڈیو میں اداکار کرس ہیمزورتھ پیغام دیتے ہیں کہ آپ مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں تو آئیے ، یہ دبئی ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا شو ہے۔

 
 
ویڈیو میں جین وائلڈر کے ساؤنڈ ٹریک ’پیور امیجی نیشن‘ کی دھن آرکیسٹرا پر بجتی سنائی دیتی ہے جسے بچے کورس کی صورت میں گا رہے ہیں ، یہ مہم ٹیکنالوجی، جدت اور تخلیق کے موضوع پر مبنی ہے ، اس ویڈیو کو 2019ء میں فلمایا گیا تھا اور اب ایکسپو2020ء کے انعقاد سے قبل اس میں بے شمار سی جی آئی اینی میشنز کا استعمال کیا گیا ہے جس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ یہ تقریب کیسی ہوگی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز میں آسٹریلوی اداکار کرس ہمزورتھ نے بتایا کہانہوں نے سال 2019ء میں ایمریٹس اور ایکسپو2020ء کے ساتھ کام کیا تاکہ یہ آگاہی دی جائے کہ دنیا کے لیے یہ تقریب کتنی اہم ہے کیوں کہ ہم سب کے پاس یہ طاقت ہے کہ بہتر مستقبل بنا سکیں اور گذشتہ سال نے ہمیں یہ دکھایا ہے کہ جب ہم ایک ساتھ کام کرتے ہیں تو ممکنات کا ایک نا ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوتا ہے ، بالکل اسی طرح ایکسپو 2020ء دبئی سے دنیا شراکت کے احساس کے ساتھ ایک دوسرے سے جڑ جائے گی تاکہ حقیقی زندگی کے بارے میں وہ حل فراہم کیے جا سکیں جن سے مستقبل کی نسل کو فائدہ پہنچے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں