متحدہ عرب امارات کا پاکستانی ائیرپورٹس پر موجود لیبارٹریوں کے معیار پر تحفظات کا اظہار

متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹس کے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا ،متحدہ عرب امارات پہنچنے والے 684 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 16 ستمبر 2021 19:13

متحدہ عرب امارات کا پاکستانی ائیرپورٹس پر موجود لیبارٹریوں کے معیار پر تحفظات کا اظہار
دبئی(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 16ستمبر 2021) پاکستان سے یو اے ای جانے والے 75 ہزار مسافروں میں سے سینکڑوں میں کورونا کی تشخیص، یو اے ای نے پاکستانی ائیرپورٹس پر موجود لیبارٹریوں کے معیار پر تحفظات کا اظہار کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹس کے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا ہے کیونکہ متحدہ عرب امارات پہنچنے والے 684 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات پہنچنے والے 684 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا۔ متحدہ عرب امارات کو پاکستانی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریوں کے معیار پر شدید تحفظات ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ مہینے پاکستان سے 75 ہزار مسافر متحدہ عرب امارات گئے اور پاکستان سے یو اے ای جانے والے تمام 75 ہزار مسافروں کا ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہر قائد میں قائم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے والے مسافروں کے لیے ‘ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ’ کی فیسوں میں کمی کر دی گئی۔جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے دبئی، شارجہ اور ابوظہبی جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیسوں میں کمی کی گئی ہے۔ مذکورہ ٹیسٹ کی فیس اب صرف 5 ہزار روپے ہو گی۔

تمام ایئرلائنوں کے ریپڈ پی سی آرٹیسٹ کے چارجز 5 ہزار روپے مختص کر دیے گئے۔متحدہ عرب امارات جانے والے تمام مسافر 5 ہزار روپے میں اپنا ٹیسٹ کرواسکیں گے۔ ایئرپورٹ پر موجود تمام لیبارٹریوں کو اس ضمن میں مطلع کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل پشاور، فیصل آباد ملتان لاہور ائیرپورٹ پر بھی رپیڈ پی سی آر ٹیسٹ کی فیسوں میں کمی کی گئی ہے جس سے مسافر بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے اب ایسے تمام مسافروں کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت دیدی گئی ہے جنہوں نے سائنو فارم ویکسین بھی لگوائی ہو گی ،دستاویزات کے مطابق یو اے ای حکومت کی ویب سائٹ پر سائنوفارم کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، یو اے ای میں داخلے سے قبل مسافروں کو ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات دینا ہوں گی،مسافروں کو ویکسین سرٹیفکیٹ کے ساتھ ویکسین کی تفصیل بھی دیناہوگی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں