دبئی میں ایک اور عالیشان، بلند و بالا عمارت کی تعمیر کا اعلان

50 منزلہ " کلاتھ سپن" ٹاور عمارت کی شکل میں دنیا کا سب سے بڑا فنی نمونہ ہو گا، ٹاور میں لگژری ہوٹل، آرٹ گیلریز، رہائشی اپارٹمنٹس اور شاپنگ مالز شامل ہوں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 ستمبر 2021 00:46

دبئی میں ایک اور عالیشان، بلند و بالا عمارت کی تعمیر کا اعلان
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2021ء) دبئی میں ایک اور عالیشان، بلند و بالا عمارت کی تعمیر کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کی بلند اور پرکشش ترین عمارتوں کیلئے شہرت حاصل کرنے والے اماراتی علاقے دبئی میں اب دنیا کی ایک اور پرکشش ترین عمارت کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دبئی میں عمارت کی شکل میں دنیا کا سب سے بڑا فنی نمونہ تعمیر کیا جائے گا۔

"کلاتھ سپن" نامی یہ عمارت 50 منزلوں پر مشتمل ہو گی جس میں  لگژری ہوٹل، آرٹ گیلریز، رہائشی اپارٹمنٹس اور شاپنگ مالز تعمیر کیے جائیں گے۔ عمارت کی تعمیر 2023 میں شروع ہونے اور 2026 میں مکمل ہونے کا امکان ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ 50 منزلہ یہ ٹاور دبئی کے کس علاقے میں تعمیر کیا جائے گا۔ تاہم خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں اتنی تصدیق ضرور کی گئی ہے کہ یہ ٹاور جو کہ دنیا کا سب سے بڑا فنی نمونہ ہو گا، اسے اسرائیلی ماہرین کی جانب سے تعمیر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ اس عمارت کی کل اونچائی 170 میٹر ہو گی۔ یہاں واضح رہے کہ مذکورہ عمارت کی تعمیر سے ناصرف دبئی کی معاشی اہمیت میں اضافہ ہو گا، بلکہ یہ عمارت دبئی کے سیاحتی شعبہ کے مزید فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ دبئی اپنی بلند و بالا عمارتوں کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کا بے حد پسندیدہ مقام ہے۔ خاص کر دبئی میں موجود دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے سب سے پرکشش ترین مقام قرار دیا جاتا ہے۔ برج خلیفہ کے علاوہ برج العرب، شیخ زاید مسجد اور دیگر کئی مقامات بھی دبئی کا رخ کرنے والے سیاحوں کے دل کو بھا جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں