دبئی ایکسپو ؛ ایمریٹس بورڈنگ پاس کے ذریعے بے شمار رعایتی اور مفت سہولیات حاصل کرنے کا موقع

ایمریٹس کا بورڈنگ پاس صارفین کو قابل بناتا ہے کہ وہ دبئی اور متحدہ عرب امارات میں 500 سے زائد ریٹیل‘ ڈائننگ اور تفریحی مقامات پر پرکشش چُھوٹ اور فوائد سے لطف اندوز ہوں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 9 اکتوبر 2021 13:23

دبئی ایکسپو ؛ ایمریٹس بورڈنگ پاس کے ذریعے بے شمار رعایتی اور مفت سہولیات حاصل کرنے کا موقع
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اکتوبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں جاری دبئی ایکسپو کے دوران ایمریٹس بورڈنگ پاس کے ذریعے بے شمار سہولیات مفت حاصل کرنے کا موقع مل گیا ، ایمریٹس کا بورڈنگ پاس صارفین کو قابل بناتا ہے کہ وہ دبئی اور متحدہ عرب امارات میں 500 سے زائد ریٹیل‘ ڈائننگ اور تفریحی مقامات پر پرکشش چُھوٹ اور فوائد سے لطف اندوز ہوں۔

اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق چھ ماہ کے ایکسپو 2020ء دبئی کے دوران امارات اپنے تمام متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور رہائشیوں کے لیے مزید آفرز پیش کر رہا ہے ، اپنے بورڈنگ پاس دکھا کر ایمریٹس کے صارفین دبئی فریم تک مفت رسائی حاصل کر سکتے ہیں اس کے علاوہ یہ بورڈنگ پاس صارفین کو قابل بناتا ہے کہ وہ دبئی اور متحدہ عرب امارات میں 500 سے زائد ریٹیل ، ڈائننگ اور تفریحی مقامات پر پرکشش چھوٹ اور فوائد سے لطف اندوز ہوں ، اس حوالے سے متعارف کرائی گئی پیشکشوں کی تفصیلات ایمریٹس کی ویب سائٹ پر مل سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

دبئی ایکسپو کے موقع پر ایمریٹس ایئر لائن مسافروں کو ٹکٹوں میں خصوصی رعایت دینے کا اعلان بھی کرچکی ہے ، جس کے لیے ایمریٹس کی جانب سے ’ارلی برڈ ایکسپو دبئی 2020‘ نامی اسکیم متعارف کروائی ہے جس کے تحت دنیا بھر میں کہیں سے بھی آنے والے مسافر 31 مارچ 2022ء تک دبئی کا سفر کرنے کے لیے ایمریٹس ایئرلائن کی ٹکٹ بک کروائیں گے تو وہ کرائے میں 20 فیصد رعایت حاصل کرسکتے ہیں۔

ایمریٹس ایئرلائن کے چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے بتایا کہ ایمریٹس سیاحوں کو دبئی کا وزٹ پلان کرنے کی ترغیب دینے کے لیے اقدامات کی ایک سیریز لانچ کررہا ہے ، اسی کے تحت گزشتہ ماہ ہم نے اعلان کیا تھا کہ دبئی جانے والے ایمریٹس کے ہر مسافر کو ایک دن کے لیے ایکسپو پاس مفت فراہم کیا جائے گا اور اب ہم دبئی آنے والے مسافروں کو قبل ازوقت ٹکٹ بک کروانے پر رعایت دینے کا اعلان کررہے ہیں جب کہ آئندہ ہفتوں میں ایمریٹس فیملیز کے لیے خصوصی آفرز کا بھی آغاز کرے گی۔

ارلی برڈ ڈسکاؤنٹ آفر 31 مارچ 2022 تک دبئی کا سفر کرنے کے لیے خریدی گئی ریٹرن ٹکٹس پر دی جائے گی ، یہ آفر 12 اکتوبر تک ایمریٹس کی ویب سائٹ، کال سینٹر، رئیل آؤٹ لیٹس یا ٹریول ایجنٹ کے ذریعے بک کروائی گئی ٹکٹس پر دی جائے گی ، اس کے علاوہ ایکسپو 2020 کے دوران ایمریٹس کے ذریعے دبئی سفر کرنے والے مسافر فری ایمریٹس ایکسپو ڈے پاس حاصل کرنے کے بھی اہل ہوں گے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments