ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سپر 12 مرحلہ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست

انگلش ٹیم نے 56 رنز کا مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 9 ویں اوور میں پورا کر لیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 اکتوبر 2021 21:32

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سپر 12 مرحلہ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اکتوبر 2021ء ) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سپر 12 مرحلہ، دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سپر 12 کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلش ٹیم نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا 56 رنز کا مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 9 ویں اوور میں پورا کر لیا۔

انگلینڈ کے معین علی کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ میچ کے دوسرے ہی اوور میں کرس ووکس نے ایون لوئیس کو چلتا کردیا جبکہ اگلے ہی اوور میں معین علی نے لینڈل سمنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

کرس گیل اور شیمرون ہیٹمائر نے 18 رنز جوڑ کر سکور 27 تک پہنچایا اور معین نے ہیٹمائر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ٹائمل ملز نے کرس گیل کی 13 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ ڈیوین براوو نے چوکا لگا کر کرس جورڈن کا استقبال کیا لیکن پھر اگلی ہی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، نکولس بھی صرف ایک بنا سکے۔ ارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل بھی مشکل وقت میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور عادل رشید کی وکٹ بن گئے جبکہ چھکا مارنے کی کوشش میں پولارڈ بھی چلتے بنے اوبید میک کوئے کا بھی کام تمام ہو گیا۔

انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ لینے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 55 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 2 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ معین علی اور ٹائمل ملز نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔اس سے قبل این مورگن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو کم سے کم سکور پر آؤٹ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کیرن پولارڈ، لینڈل سمنز، ایون لوئس، کرس گیل، شمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، عقین حسین، اوبید میک کوئے، روی رامپال شامل ہیں جب کہ انگلش ٹیم این مورگن (کپتان)، جوز بٹلر، جیسن روئے، ڈیوڈ ملان، جونی بیئرسٹو، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید، ٹائمل ملز پر مشتمل ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں