آئندہ 6 ماہ کے دوران ایمریٹس میں ہزاروں نوکریاں پیدا ہونے کا امکان

جیسے ہی سفری پروٹوکول تبدیل ہو گا اور مختلف ملکوں کے سفر کی پابندیاں کم ہوں گی تو امارات ایئر سے براہ راست سفر کرنے والوں کی تعداد بڑھے گی‘ جس کیلئے آئندہ چھ ماہ کے دوران ایمریٹس ایئرلائن میں 6 ہزار ملازمین کی ضرورت پیش آئے گی ۔ ایگزیکٹیو چیئرمین ایمریٹس ایئر آپریشن

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 19 نومبر 2021 13:27

آئندہ 6 ماہ کے دوران ایمریٹس میں ہزاروں نوکریاں پیدا ہونے کا امکان
دبئی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات کی مشہور فضائی کمپنی ایمریٹس میں آئندہ 6 ماہ کے دوران ہزاروں نئی نوکریوں کا امکان پیدا ہوگیا ۔ اردو نیوز نے الامارات الیوم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امارات ایئر آپریشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین عادل الرضا نے کہا ہے کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران ایمریٹس ایئرلائن میں 6 ہزار ملازمین کی ضرورت پیش آئے گی ، کیوں کہ جیسے ہی سفری پروٹوکول تبدیل ہو گا اور مختلف ملکوں کے سفر کی پابندیاں کم ہوں گی تو اس کے ساتھ ہی امارات ایئر سے براہ راست سفر کرنے والوں کی تعداد بڑھے گی اور دسمبر 2021ء کے دوران ایمریٹس کی پروازوں کی 65 فیصد سے زیادہ نشستیں بک ہوں گی ، اس کے لیے اس وقت امارات ایئر سے بکنگ کا رجحان حوصلہ افزا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے بعض ملکوں میں ریزرویشن کا تناسب کافی آگے بڑھ گیا ہے ، ان میں جرمنی، فرانس، سپین اور سوئٹزرلینڈ سر فہرست ہیں جہاں بکنگ کی شرح 35 فیصد سے زیادہ ہوچکی ہے ، آئندہ مرحلے میں پروازوں کی نشستیں مزید بڑھیں گی اور یہ مسلسل بڑھتی جارہی ہیں ، اس وقت امارات ایئر کی 65 فیصد نشتیں مصروف ہیں اور کمپنی کی جانب سے اے 380 کے 47 طیارے فضائی آپریشن کا حصہ ہیں دو ماہ قبل یہ تعداد صرف 27 طیاروں پر مشتمل تھی جب کہ اس وقت بوئنگ 777 کے تمام طیارے مصروف ہیں ۔

امارات ایئر آپریشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین نے ساتھ ہی یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ دنیا کے کئی علاقوں میں کورونا کی ایک نئی لہر بھی آرہی ہے ، جس کی وجہ سے کچھ نہین معلوم کہ کب کہاں صورتحال بدل جائے اور مصدقہ کیسز بڑھنے کی وجہ سے یہ بھی ممکن ہے کہ پوری دنیا ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگ جائے ، اس لیے آئندہ مرحلے میں سفری حالات کے بارے میں قیاس آرائی مشکل ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں