دبئی میں بینک ملازم نے انتہائی چالاکی سے 100 کھاتہ داروں کی خفیہ معلومات بیچ دیں

ملزم نے 20 ہزار درہم اور چوری کی گئی رقم کی شرح کے عوض گاہکوں کے فون نمبر ، کارڈ اور اکاؤنٹ کی تفصیلات بیچنے کا اعتراف کیا ‘ عدالت نے 3 سال قید کی سزا سنادی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 جنوری 2022 14:36

دبئی میں بینک ملازم نے انتہائی چالاکی سے 100 کھاتہ داروں کی خفیہ معلومات بیچ دیں
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں 100 کھاتہ داروں کی خفیہ معلومات بیچنے والے بینک ملازم کو جیل بھیج دیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کی ایک فوجداری عدالت نے 44 سالہ بینک کسٹمر سروس ملازم کو اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے اور 100 صارفین کی خفیہ معلومات فروخت کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے 3 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

تحقیقاتی ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ یہ کیس مارچ 2021ء کا ہے جب بینک کے ایک کلائنٹ نے رپورٹ درج کروائی تھی کہ اسے بینک میں کسٹمر سروس ملازم ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے کال کرکے کہا کہ بینک ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے تاکہ اسے ہیکرز سے بچایا جا سکے۔ متاثرہ نے مزید کہا کہ کال کرنے والے نے اسے اس کے اکاؤنٹ کی تفصیلات ، اس کے بینک کارڈ نمبر اور اکاؤنٹ میں موجود رقم کے بارے میں معلومات فراہم کی تاکہ اس کے خوف کو دور کیا جا سکے اور اس کو دھوکہ دہی کا شبہ نہ ہو تاہم چند منٹوں کے بعد اسے ایک ٹیکسٹ میسج موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 10 ہزار درہم نکال لیے گئے ہیں ، جس کے بعد اس نے اپنی رقم واپسی کے بارے میں پوچھنے کے لیے خود کو بینک ملازم بتانے والے شخص سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ یہ غلطی سے ہوا ہے اور یہ رقم جلد واپس کر دی جائے گی تاہم کلائنٹ نے پھر 10 درہم کا ایک اور لین دین دیکھا ، اسی وقت ملزم نے فون بند کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس اور بینک کے فراڈ سے بچاؤ کے محکمے کی تفتیش سے پتہ چلا کہ کسٹمر سروس کے ملازم نے دھوکہ دہی کی تاریخ سے پہلے 6 بار متاثرہ کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی ، اس جرم پر اسے گرفتار کر لیا گیا اور پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ اس نے 20 ہزار درہم اور چوری کی گئی رقم کے فیصد کے عوض گاہکوں کا ڈیٹا ، بشمول ان کے فون نمبر، کارڈ اور اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے کسی دوسرے شخص سے اتفاق کیا اور اس نے 100 بینک صارفین کا ذاتی ڈیٹا چوری کیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں