دبئی میں طرز تعمیر کا ایک اور شاہکار ’انفینٹی برج‘ عوام کیلئے کھول دیا گیا

افتتاح کے موقع پر دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے پل کی تصاویر بھی شیئر کیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 جنوری 2022 15:07

دبئی میں طرز تعمیر کا ایک اور شاہکار ’انفینٹی برج‘ عوام کیلئے کھول دیا گیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جنوری 2022ء ) دبئی میں 'انفینٹی' کے نام سے ایک نیا پل کھل گیا ہے ، جس کا افتتاح دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کیا ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس پل کی کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پل کی شکل انفینٹی کی علامت کی طرح ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پل کی تصاویر کے ساتھ جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں دبئی کے حکمران نے کہا کہ یہ ایک نیا عالمی انجینئرنگ ، فنکارانہ اور تعمیراتی شاہکار ہے ، ہمارے پل مستقبل کی طرف گامزن ہیں اور ہمارے عزائم لامتناہی ہیں۔                                         
 
بتایا گیا ہے کہ اس پل کا اعلان پہلی بار 2018 میں کیا گیا تھا ، یہ پل کریک کے پار جاتا ہے ، یہ 300 میٹر لمبا اور 22 میٹر چوڑا ہے اور اس میں دونوں سمتوں میں 24,000 گاڑیاں آسکتی ہیں ، یہ پل 5 بلین درہم کے شنداغہ کوریڈور پروجیکٹ کا حصہ ہے جو شیخ راشد اسٹریٹ کے ساتھ ساتھ المینا ، الخلیج اور قاہرہ سٹریٹ پر 13 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے ، روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے کہا ہے کہ یہ کریک سے 15 میٹر اوپر اٹھتا ہے اور چوبیس گھنٹے بڑی کشتیوں اور یاٹوں کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے دبئی میں سفر کے لیے 4 بس روٹس دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ، آر ٹی اے دبئی کے گلوبل ولیج کے زائرین کی خدمت کے لیے چار بس روٹس دوبارہ شروع کر رہی ہے ، دبئی میں میرکل گارڈن آنے والوں کے لیے بس سروس دوبارہ شروع کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments