ایمریٹس نے کئی امریکی شہروں کے لیے پروازیں معطل کر دیں

ایئرلائن نے امریکہ کے بعض ہوائی اڈوں پر 5G موبائل نیٹ ورک سروسز سے منسلک آپریشنل خدشات کی وجہ سے 9 شہروں کے لیے پروازیں اگلے نوٹس تک معطل کر دی ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 19 جنوری 2022 12:46

ایمریٹس نے کئی امریکی شہروں کے لیے پروازیں معطل کر دیں
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 19 جنوری 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف فضائی کمپنی ایمریٹس نے کئی امریکی شہروں کے لیے پروازیں معطل کر دیں ،  9 شہروں کے لیے پروازیں اگلے نوٹس تک معطل رہیں گی ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن نے امریکہ کے بعض ہوائی اڈوں پر 5G موبائل نیٹ ورک سروسز سے منسلک آپریشنل خدشات کی وجہ سے بدھ سے کئی امریکی مقامات کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں ، دبئی کے فلیگ شپ کیریئر نے امریکہ کے 9 شہروں بوسٹن، شکاگو، ڈلاس فورٹ ورتھ، ہیوسٹن، میامی، نیوارک، اورلینڈو، سان فرانسسکو اور سیئٹل کے لیے پروازیں اگلے نوٹس تک معطل کر دی ہیں تاہم نیویارک JFK، لاس اینجلس (LAX) اور واشنگٹن ڈی سی (IAD) کے لیے ایمریٹس کی پروازیں شیڈول کے مطابق چلتی رہیں۔

اس ضمن مین ایمریٹس نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ بالا میں سے کسی بھی منزل کے ساتھ ٹکٹ رکھنے والے صارفین کو خدمات فراہم نہیں کی جائیں گی ، متاثرہ صارفین کو دوبارہ بکنگ کے لیے ہمیں فوری طور پر کال کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صارفین آسانی سے اپنا ایمریٹس ٹکٹ لے سکتے ہیں اور جب پروازیں دوبارہ شروع ہوں تو نئے سفری منصوبے بنانے کے لیے اپنے ٹریول ایجنٹ یا بکنگ آفس سے رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم آپریشنل خدشات کو دور کرنے کے لیے ہوائی جہاز بنانے والوں اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ جلد از جلد اپنی امریکی خدمات دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔ خیال رہے کہ یو ایس ایوی ایشن ریگولیٹر فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریٹر نے خبردار کیا ہے کہ نئی 5G ٹیکنالوجی کی تعیناتی سے ہوائی جہاز کے حساس آلات جیسے کہ الٹی میٹر متاثر ہو سکتے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں