دبئی ایکسپو ؛ پاکستان فلم ویک میں بھارتیوں کو دیکھ کر فواد چوہدری نے شاعرانہ انداز اپنا لیا

’ہم لوگ محبت والے ہیں تم خنجر کیوں لہراتے ہو‘ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات کا نریندر مودی کو پیغام ‘ تقریب میں بھارتی شہریوں کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید بھی کہا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 21 جنوری 2022 12:45

دبئی ایکسپو ؛ پاکستان فلم ویک میں بھارتیوں کو دیکھ کر فواد چوہدری نے شاعرانہ انداز اپنا لیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2022ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھارتی کے وزیراعظم نریندر مودری کو خاص پیغام پہنچا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان فلم ویک کے آغاز پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فلم ویک میں بھارتی شہریوں کی موجود گی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس موقع پر انہیں بھی خوش آمدید کہا۔

اس دوران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے شعر کی صورت میں بھارت کے وزیر اعظم کے نام ایک پیغام بھی دیا اور کہا کہ مودی جی سے کہنا چاہتا ہوں ’تم اپنے عقیدوں کے نیزے ہر دل میں اتارے جاتے ہو ، ہم لوگ محبت والے ہیں تم خنجر کیوں لہراتے ہو‘۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہم محبت والے لوگ ہیں امن کی بات کرتے ہیں ، اسی لیے ہم اس خطے کو کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں ، میوزک ، کلچر اور کرکٹ ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتی ہے ، ہم چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت امن کے ساتھ رہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان فلم ویک کا آغاز کردیا گیا ہے ، اس حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے 11 فلمز کی فہرست بھی جاری کی ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج سے دبئی ایکسپو میں پاکستان فلم ویک کا آغاز ہورہا ہے ، دبئی ایکسپو کے دوران 21 سے 26 مارچ تک پاکستان کی11 فلمز پاکستانی انکلوژر میں دکھائی جائیں گی۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ سال 2022ء پاکستانی سینما کی بحالی کا سال ثابت ہوگا ، اس سال پی ٹی وی کا فلم ڈویژن بھی قائم کردیا گیا ہے ، پی ٹی وی کا فلم ڈویژن پبلک پرائیویٹ سیکٹر میں 10 فلمیں بنائے گا ۔ بتاتے چلیں کہ دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا ہر روز ہزاروں افراد دورہ کررہے ہیں ، اس ایکسپو کے آغاز سے ہی پاکستانی پویلین کیلئے عوامی ردعمل مثالی رہا جہاں ’پاکستان کے پوشیدہ خزانے‘ کے عنوان سے ہونے والی سرگرمیوں میں لوگوں نے بہت دلچسپی لی ، پویلین میں کئی ثقافتی ، معلوماتی اور کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں جن کے ذریعے پاکستان کے سیاحتی اور اقتصادی شعبوں میں موجود مواقع کو اجاگر کیا جارہا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں