منشیات فروشی کیخلاف دبئی پولیس کا بڑا کریک ڈاون

جی پی ایس کی مدد سے منشیات فروخت کرنے والے 100 ڈرگ ڈیلرز گرفتار کر لیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 مارچ 2022 00:30

منشیات فروشی کیخلاف دبئی پولیس کا بڑا کریک ڈاون
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ2022ء) منشیات فروشی کیخلاف دبئی پولیس کا بڑا کریک ڈاون، جی پی ایس کی مدد سے منشیات فروخت کرنے والے 100 ڈرگ ڈیلرز گرفتار کر لیے گئے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے نامعلوم منشیات فروشوں کیخلاف بڑے کریک ڈاون کا آغاز کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کریک ڈاون کے دوران اب تک 100 منشیات فروش گرفتار کیے جا چکے۔

دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ منشیات فروش نامعلوم وٹس ایپ نمبروں کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کرتے ہوئے اور مختلف نشہ آور اشیاء کی تشہیر کی جاتی۔ یہ منشیات فروش عربی زبان میں وٹس ایپ پیغام بھیجتے ہوئے اور شہریوں کو نشہ آور اشیاء کی خریداری کی ترغیب دینے کی کوشش کرتے۔ منشیات فروشوں کے اس نیٹ ورک کو قانون کے شکنجے میں لانے کیلئے "نامعلوم پیغامات" کے نام سے ایک مہم شروع کی گئی، جس کے دوران منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاون کیا گیا۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے منشیات فروش جی پی ایس کے ذریعے نشہ آور اشیاء کی فروخت میں ملوث تھے۔ یہ منشیات فروش منشیات کی کھیپ کسی بھی مخصوص مقام پر زمین میں دفن کرنے کے بعد لین دین کے معاملات طے کرتا اور پھر اپنے گاہک کو جی پی ایس کے ذریعے چھپائی گئی منشیات کا مقام بتا دیتا۔ دبئی پولیس کے اعلیٰ افسر کرنل عبد اللہ کا بتانا ہے کہ شہریوں کو منشیات سے بچانے کیلئے سینٹرل بینک اور آر ٹی اے اتھارٹی کی معاونت سے خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ بذریعہ وٹس ایپ نشہ آور اشیاء کی فروخت کیلئے موصول ہونے والے پیغام سے متعلق فوری طور پر ای کرائم پلیٹ فارم یا نان ایمرجنسی ہاٹ لائن 901 پر رابطہ کر کے اطلاع دیں۔ کرنل عبد اللہ کا بتانا ہے کہ اس آگاہی مہم کے مثبت نتائج سامنے آئے، 901 ہاٹ لائن پر موصول ہونے والی کالز میں 33 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ای کرائم پلیٹ فارم پر 632 شکایات موصول ہوئیں۔ 3 ماہ کے دوران ای کرائم پلیٹ فارم پر موصول ہونے والی شکایات کی شرح میں 158 فیصد اضافہ ہوا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں