دبئی کا وہ پائلٹ جو پورے سال روزے رکھتا ہے

امین علی دوران ڈیوٹی روزہ رکھنے سے قاصر ہونے کے باعث اپنی ہر تعطیل والے دن روزہ رکھتے ہیں

muhammad ali محمد علی منگل 26 اپریل 2022 02:40

دبئی کا وہ پائلٹ جو پورے سال روزے رکھتا ہے
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل2022ء) دبئی کا وہ پائلٹ جو پورے سال روزے رکھتا ہے، امین علی دوران پرواز روزہ رکھنے سے قاصر ہونے کے باعث اپنی ہر تعطیل والے دن روزہ رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان رمضان المبارک کا مہینہ انتہائی عقیدت اور احترام سے گزار رہے ہیں۔ ماہ مبارک کے دوران دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان باقاعدگی سے روزے رکھتے ہیں، تاہم کچھ مسلمان شدید خواہش کے باوجود اپنی پروفیشنل ذمے داریوں کے باعث تمام روزے رکھنے سے قاصر رہتے ہیں۔

ایسے افراد میں ایک امین علی نامی نوجوان بھی ہے جو دبئی میں رہائش پذیر ایک پروفیشنل پائلٹ ہیں۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امین علی گزشتہ 12 سالوں سے پائلٹ کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور اپنی نوکری کی حساسیت کے باعث دوران ڈیوٹی روزے رکھنے سے قاصر رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

امین علی کا بتانا ہے کہ اپنے پروفیشنل کیرئیر کے آغاز میں انہوں نے دوران ڈیوٹی روزہ رکھا تو انہیں شدید مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پھر وہ روزہ توڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔

امین علی کا بتانا ہے کہ بطور پائلٹ طیارے میں سوار ہر شخص کی جان کی حفاظت ان کی ذمے داری ہوتی ہے، ایسے میں وہ ایسا کوئی عمل نہیں کر سکتے جس سے مسافروں کی زندگی خطرے سے دوچار ہو جائے۔ اسی باعث رمضان المبارک میں دوران ڈیوٹی وہ روزہ نہیں رکھتے، تاہم اس کا ازالہ وہ ایسے کرتے ہیں کہ ماہ مبارک میں اور سال بھر میں جب بھی انہیں تعطیل ملتی ہے، وہ اپنی تعطیل پر ضرور روزہ رکھتے ہیں۔ امین علی کے مطابق ہر سال رمضان المبارک کے آخری 10 ایام میں وہ چھٹیاں لے کر اپنے اہل خانہ کے ساتھ ماہ مبارک کی برکتیں سمیٹتے تھے، تاہم اس سال انہیں یہ چھٹیاں نہیں مل سکیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں