ایڈیڈاس کا دبئی کے مشہور پاکستانی ریسٹورنٹ راوی کے اشتراک کیساتھ محدود اور خصوصی ایڈیشن جوتا "سپر سٹار راوی" متعارف کروانے کا اعلان

کھیلوں کی مصنوعات کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی کی جانب سے متعارف کروائے جانے والا خصوصی جوتا 23 جون سے دبئی کے مخصوصی اسٹورز پر دستیاب ہو گا، آن لائن خریداری بھی ممکن ہو گی، خریداروں کو خصوصی جوتے کا ہر جوڑا اسپیشل ایڈیشن "ٹیک اووے" اسٹائل باکس میں فراہم کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 14 جون 2022 20:03

ایڈیڈاس کا دبئی کے مشہور پاکستانی ریسٹورنٹ راوی کے اشتراک کیساتھ محدود اور خصوصی ایڈیشن جوتا "سپر سٹار راوی" متعارف کروانے کا اعلان
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2022ء) ایڈیڈاس کا دبئی کے مشہور پاکستانی ریسٹورنٹ راوی کے اشتراک کیساتھ محدود اور خصوصی ایڈیشن جوتا "سپر سٹار راوی" متعارف کروانے کا اعلان، کھیلوں کی مصنوعات کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی کی جانب سے متعارف کروائے جانے والا خصوصی جوتا 23 جون سے دبئی کے مخصوصی اسٹورز پر دستیاب ہو گا، آن لائن خریداری بھی ممکن ہو گی، خریداروں کو خصوصی جوتے کا ہر جوڑا اسپیشل ایڈیشن "ٹیک اووے" اسٹائل باکس میں فراہم کیا جائے گا۔



تفصیلات کے مطابق کھیلوں کی مصنوعات کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی ایڈیڈاس نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو خوشگوار سرپرائز دیا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایڈیڈاس نے دبئی میں واقع پاکستانی ریسٹورنٹ راوی کیساتھ خصوصی اشتراک کیا ہے۔

(جاری ہے)

راوی ریسٹورنٹ نے 1978 میں دبئی آپریشنز کا آغاز کیا اور اور اب یہ ریسٹورنٹ دبئی میں مقیم غیر ملکیوں اور اماراتی شہریوں میں بے پناہ مقبول ہے۔

ایڈیڈاس کی جانب سے دبئی میں دہائیوں سے شہریوں کو بہترین کھانوں کی فراہمی کو یقینی بنانے والے راوی ریسٹورنٹ جو کہ متحدہ عرب امارات کی پرانی یادوں میں بھی شامل ہے، اسے سراہنے کیلئے "سپر سٹار راوی" نامی خصوصی جوتے متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ جوتے 23 جون سے دبئی اور منتخب شدہ آن لائن ریٹیل سٹورز پر دستیاب ہوں گے۔ جوتوں کی یہ سیریز دنیا بھر کے 11 شہروں میں مشہور کھانے پینے کی جگہوں کا جشن منانے کا ایک حصہ ہے۔

"سپر سٹار راوی" نامی خصوصی جوتا سفید اور ہرے رنگ کا ہے جو ریسٹورنٹ کے مالکان کی پاکستانی شناخت اور ثقافت کو نمایاں کرتا ہے، جبکہ جوتے کی ایڑی پر انگریزی اور عربی زبان میں راوی ریسٹورنٹ کا نام اور ریسٹورنٹ کے دبئی میں آغاز کی تاریخ بھی درج ہے۔ جوتے کے اندرونی حصے میں ریسٹورنٹ مالکان کے منتخب کردہ 6 پکوان بھی انگریزی اور عربی زبان میں نمایاں کیے گئے ہیں۔

ان پکوانوں میں مشہور چکن بریانی اور کڑک چائے بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جوتے پر ہاتھ سے بنا ہوا ایک نقشہ بھی عیاں ہے، جو ریسٹورنٹ کے نام، جو کہ پاکستان کے مشہور دریائے راوی کے نام پر رکھا گیا ہے، اس کی اہمیت اور مطلب کو اجاگر کرتا ہے۔ ریسٹورنٹ کے مالک چوہدری عبد الحمید کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان نے راوی ریسٹورنٹ کو موجودہ مقام پر پہنچانے کیلئے انتھک محنت کی ہے۔

راوی ریسٹورنٹ ملازمین اور گاہکوں کیلئے اب محض ایک ریسٹورنٹ ہی نہیں، بلکہ ایک گھر کی حیثیت اختیار کر چکا ہے، ایک ایسا گھر جس کے ساتھ بہت سے لوگ پلے بڑھے ہیں۔ راوی اب ایڈیڈاس کے ساتھ ایک اہم شہر کے طور پر دبئی کی نمائندگی کر رہا ہے، یہ ایک ایسا سنگ میل ہے جس کا جشن منایا جانا چاہیے۔ جبکہ ایڈیڈاس کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شراکت داری کھانے کی سرحدوں کو عبور کرنے اور ثقاتفی بندھنوں کو قائم کرنے کی صلاحیت کی نمائندگی کرتی ہے۔

کھانا جو ہمیں کسی نئی جگہ لے جاتا ہے یا ایڈیڈاس کے 11 اہم شہروں میں بسنے والی تارکین وطن برادریوں کو گھر کا ذائقہ یاد دلاتا ہے۔ ’ایڈی لیشس‘ سیریز کے ذریعے ہر ریسٹورنٹ اپنے منفرد کھانے اور اس کی کہانی کو سامنے لاتا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں