متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارش‘ سیلاب کا الرٹ جاری

ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ حکام کو تیار رہنے کی ہدایت‘ وزارت داخلہ نے متحدہ عرب امارات کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 15 اگست 2022 10:38

متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارش‘ سیلاب کا الرٹ جاری
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 اگست 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں موسلادھار بارش کے باعث ایک بار سیلاب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے کچھ حصوں کو شدید بارش نے متاثر کیا ہے جب کہ دبئی اور ملک کے دیگر حصوں میں گرد آلود موسم کی بھی اطلاع ملی، جس سے یو اے کی کئی سڑکوں پر حد نگاہ شدید متاثر ہوئی۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے رہائشیوں اور گاڑی چلانے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ وادیوں اور ایسے علاقوں کی طرف جانے سے گریز کریں جہاں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو جب کہ نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے آئندہ کے لیے سیلاب کی ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ حکام کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، اسی طرح وزارت داخلہ نے متحدہ عرب امارات کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے کہا ہے کہ کبھی درمیانی اور تیز مختلف شدتوں کی بارش کے ساتھ متحرک بادلوں کی تشکیل کا امکان ہے، یہ کچھ مشرقی علاقوں، العین اور اس کے جنوبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ برس ہو سکتے ہیں، یہ بادل کچھ اندرونی علاقوں اور مغربی علاقوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ موسلا دھار بارشوں نے حال ہی میں ملک کے مشرق میں تباہی مچائی جہاں کئی علاقوں میں سیلاب آ گیا، طوفانی بارشوں سے 7 افراد ہلاک ہوئے، سینکڑوں لوگوں کو ان کے سیلاب زدہ گھروں سے نکال کر عارضی رہائش گاہوں اور ہوٹلوں میں رکھنا پڑا جب کہ سیلاب سے کئی غیرملکیوں کے پاسپورٹس اور ضروری دستاویزات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، شمالی امارات میں سیلاب سے آنے والی تباہ کاریوں کے بعد تمام قومیتوں کے تارکین وطن پاسپورٹ، تصدیق شدہ تعلیمی دستاویزات، پیدائش اور شادی کے سرٹیفیکیٹس اور تجارتی لائسنس کو نقصان پہنچنے کی اطلاع دے رہے ہیں، جس کی بناء پر مختلف سماجی تنظیموں کی درخواستوں کے بعد دبئی میں ہندوستانی، پاکستانی اور فلپائن کے سفارتی مشنوں نے سیلاب میں اپنے کاغذات کھونے والے افراد کی مدد کے لیے تعاون شروع کردیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں