پاکستان سے متحدہ عرب امارات کی پروازیں مزید مہنگی‘ کرایوں میں 4 گنا اضافہ

ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹ میچ کی وجہ سے ٹکٹوں کی طلب میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اگست 2022 12:18

پاکستان سے متحدہ عرب امارات کی پروازیں مزید مہنگی‘ کرایوں میں 4 گنا اضافہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 اگست 2022ء ) پاکستان سے متحدہ عرب امارات کی پروازیں مزید مہنگی ہوچکی ہیں اور کرایوں میں 4 گنا اضافہ ہوگیا کیوں کہ خلیجی ملک جانے والوں کا رش ہے جس کی وجہ سے ٹکٹوں کی مانگ بڑھ چکی ہے جب کہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلے جانے والے کرکٹ میچ کی وجہ سے ٹکٹوں کی طلب میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اماراتی میڈیا کے مطابق اگست کے آخری ہفتے میں ہوائی کرائے معمول کے نرخوں سے 4 گنا زیادہ ہو گئے ہیں، اس کی وجہ پاکستان، بھارت، برطانیہ اور مصر جیسے اہم مقامات سے غیر معمولی طور پر بھاری آمدورفت ہے کیوں کہ بہت سے غیر ملکی خاندان اور افراد گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے آبائی ممالک کا سفر کرتے ہیں اس لیے متحدہ عرب امارات میں اسکول دوبارہ کھلنے سے قبل اگست کے آخری 2 ہفتوں میں یو اے ای آنے والی فضائی ٹریفک میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاک بھارت کرکٹ میچ کی وجہ سے ممکنہ طور پر اس ماہ کے آخری ہفتے میں امارات آنے والوں کا رش مزید بڑھ جائے گا، اس حوالے سے دیرا ٹورز اینڈ ٹریولز کے جنرل منیجر ٹی پی سدھیش نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ایئر لائنز اور روٹس کے لحاظ سے ہوائی کرایوں میں فرق پڑتا ہے اور جب ہم ان کا معمول کے دنوں سے موازنہ کرتے ہیں تو اگست کے آخری ہفتے میں اوسطاً ہوائی کرایوں میں 4 گنا اضافہ ہوچکا ہے، برصغیر پاک و ہند وہ اہم خطہ ہے جو اس بار سب سے زیادہ ٹریفک اور زیادہ ہوائی کرایوں کا سامنا کررہا ہے، اس کے علاوہ یورپ سے آنے والوں میں بنیادی طور پر ایسے لوگ ہیں جنہوں نے چھٹیوں کے لیے اپنے آبائی ملک کا سفر کیا اور مہینے کے آخر میں واپس آ رہے ہیں تاہم اس بار نیپال کے راستے پر ٹریفک قدرے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سی پروازوں کی تمام ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں کیوں کہ تقریباً تمام خاندان اور رہائشی واپسی کے ٹکٹ پہلے ہی بک کرلیتے ہیں کیوں کہ لوگ جانتے ہیں اگست کے آخر تک اسکول کب کھلنے والے ہیں تاہم ان میں صرف طلباء، اہل خانہ اور غیر تدریسی عملہ ہی نہیں بلکہ دیگر رہائشیوں کی اکثریت بھی بہت پہلے نشستیں بک کرتی ہے چوں کہ مانگ بہت زیادہ ہے اور سیٹوں کی دستیابی محدود ہے اس لیے ہوائی کرایہ بہت زیادہ ہو گیا ہے، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات کی زیادہ تر ان باؤنڈ براہ راست پروازیں اگست کے آخری ہفتے میں پاکستان، بھارت اور برطانیہ وغیرہ جیسے مشہور مقامات سے فروخت ہو جاتی ہیں۔

گالادری انٹرنیشنل ٹریول سروسز کے مینیجر راجہ میر وسیم نے کہا کہ اگست کے آخری ہفتے میں برصغیر پاک و ہند سے کرکٹ کے شائقین کی آمدورفت میں تیزی آئے گی جو پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے آئیں گے، کارپوریٹ سفر میں بھی تیزی آئے گی کیوں کہ بے شمار کمپنیاں کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے اپنے شراکت داروں اور ملازمین کو بڑی تعداد میں یو اے ای لاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایشیا کپ کی ٹکٹیں پیر کی سہ پہر فروخت ہوئیں اور پہلا بیچ چند گھنٹوں میں ہی فروخت ہو گیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں