ایمریٹس ایئرلائن کا مسافروں کیلئے ہوٹل میں مفت رہائش کا اعلان

فرسٹ و بزنس کلاس مسافروں کیلئے 2 اور اکانومی کلاس کے مسافروں کو ایک رات مفت قیام کی سہولت ملے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 مئی 2023 12:19

ایمریٹس ایئرلائن کا مسافروں کیلئے ہوٹل میں مفت رہائش کا اعلان
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 مئی 2023ء ) ایمریٹس ایئرلائن کا مسافروں کیلئے ہوٹل میں مفت رہائش کا اعلان کردیا۔ خلیجی اخبار الامارات الیوم کے مطابق ایمریٹس ایئرلائنز نے اکانومی سمیت مختلف سفری کلاسوں میں دبئی اور اس کے ذریعے اپنی منزل پر سفر کرنے والے اپنے صارفین کے لیے ہوٹل میں مفت رہائش فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، ایئر لائن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ فرسٹ اور بزنس کلاس کے مسافروں کے لیے دو راتوں کے مفت قیام کے ساتھ ساتھ اکانومی کلاس کے مسافروں کے لیے ایک رات کے قیام کی سہولت فراہم کرے گی، یہ پیشکش 26 مئی 2023ء سے 31 اگست 2023ء کے درمیان کی مدت کے دوران سفر پر فراہم کی جائے گی۔

ایمریٹس کا کہنا ہے کہ فلائٹ بک ہونے کے بعد صارف کو ہوٹل کی بکنگ کی تصدیق کے لیے ایک ای میل بھیجنا ہوگی، جس میں ریزرویشن کا حوالہ، آمد کی تاریخ، مسافروں کے نام، فون نمبر اور ای میل ایڈریس شامل ہو۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایمریٹس ایئرلائن نے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس کے اجراء کا بھی اعلان کیا ہے، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹریمنل نمبر3 سے سفر کرنے والے ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے بورڈنگ پاس حاصل کرسکیں گے، آن لائن بورڈنگ کی کارروائی مکمل کرنے والے مسافروں کو ایپل والٹ، گوگل والٹ یا ایمریٹس ایئرلائن کی موائل ایپ کے ذریعے اپنا بورڈنگ پاس ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت حاصل ہوگی، مسافروں کو بیگیج ٹیگ بھی ای میل یا ایمریٹس کی ایپ پرارسال کردیئے جائیں گے جن کا اندراج بکنگ کے وقت کیا گیا ہو۔

بتایا گیا ہے کہ مسافروں کے لیے ڈیجیٹل بورڈنگ پاس کے ساتھ راویتی بورڈنگ کارڈ کا اجراء بھی جاری رہے گا جو ان مسافروں کے لیے ہوگا جو فیملی اور چھوٹے بچوں کے ساتھ سفرکررہے ہوں، ایسے مسافر جن کے پاس اسمارٹ فون نہ ہو یا ان کا انٹرنیٹ کام نہیں کررہا ہو یا دیگر وجوہات کا سامنا ہو اس صورت میں وہ مسافرروایتی بورڈنگ پاس جاری کروا سکتے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں