دبئی کاروباری میٹنگز کیلئے کمپنیوں کا پسندیدہ مقام بن گیا

شہر کے 7 ہوٹل خطے میں میٹنگز کے لیے ٹاپ 10 سہولیات میں شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 مئی 2023 12:50

دبئی کاروباری میٹنگز کیلئے کمپنیوں کا پسندیدہ مقام بن گیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 مئی 2023ء ) دبئی کو کاروباری میٹنگز کیلئے کمپنیوں کا پسندیدہ مقام قرار دیا گیا ہے، دنیا کے معراف سیاحتی شہر کے 7 ہوٹل خطے میں میٹنگز کے لیے ٹاپ 10 سہولیات میں شامل ہیں۔ الامارات الیوم نے رپورٹ کیا ہے کہ "Cvent" کمپنی کی درجہ بندی کے مطابق دبئی مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں میٹنگز کے انعقاد کے لیے بہترین مقامات کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے، جس کے بعد استنبول، مراکش اور ابوظہبی کا نمبر آتا ہے۔

میٹنگز، ایونٹس اور مہمان نوازی کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے میں مہارت رکھنے والی کمپنی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دبئی کے سات ہوٹل خطے میں میٹنگز کے لیے ٹاپ 10 سہولیات میں شامل ہیں، دبئی نے کمپنی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔

(جاری ہے)

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا وباء کے بعد سیاحت کی بحالی کے لحاظ سے دنیا کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خطے کے طور پر (مشرق وسطیٰ اور افریقہ) کے مقامات نے بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ تیزی سے موافقت اور اختراع کرتے ہوئے اپنے شہروں میں مختلف میٹنگز اور تقریبات کے انعقاد کے لیے کمپنیوں کو راغب کیا ہے۔

ادھر دبئی ایئرپورٹ دنیا بھر میں سب سے زیادہ نقل و حرکت کا مرکز برقرار ہے جہاں پروازوں میں شیڈول سیٹوں کی کل تعداد رواں ماہ کے دوران تقریباً 47 لاکھ تک پہنچ گئی، ہوائی اڈوں اور ایئر لائنز کے لیے ڈیٹا فراہم کرنے والے OAG انٹرنیشنل کے شائع کردہ اعداد و شمار میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دنیا میں بین الاقوامی روانگی پروازوں میں شیڈول سیٹوں کی گنجائش کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے طور پر اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے، دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے بین الاقوامی پروازوں میں شیڈول سیٹوں کی کل تعداد اس مئی کے دوران تقریباً 47 لاکھ شیڈول سیٹس ہوچکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) پر ٹریفک تقریباً کورونا وباء سے پہلے کی سطح تک پہنچ چکی ہے، جہاں رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں مسافروں کی تعداد 21.2 ملین (2 کروڑ 12 لاکھ) سے زائد ہوگئی، 2023ء کے پہلے تین مہینوں میں 2022ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں مسافروں کی آمدورفت میں 55 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا، 2019ء کی چوتھی سہ ماہی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اوسط ماہانہ ٹریفک 7 ملین (70 لاکھ) مسافروں تک پہنچ گئی، مارچ 7.3 ملین (70 لاکھ 30 ہزار) مسافروں کے ساتھ پہلی سہ ماہی کا مصروف ترین مہینہ تھا، جو جنوری 2020ء کے 7.8 ملین مسافروں کے بعد سب سے زیادہ ماہانہ ٹریفک ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں