دبئی آنے والے غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ

رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 60 لاکھ سے زیادہ غیرملکی سیاح دبئی آئے۔ رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 جون 2023 15:40

دبئی آنے والے غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جون 2023ء ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مقبول ترین ریاست دبئی کے شعبہ سیاحت کی کارکردگی میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے، جس کے باعث غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ مقامی میڈیا نے محکمہ سیاحت کے حوالے سے بتایا کہ اس سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران 60 لاکھ سے زیادہ غیرملکی سیاح دبئی آئے، یہ تعداد گزشتہ سال کے ابتدائی چار ماہ کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہے، اس عرصہ کے دوران سب سے زیادہ سیاح بھارت سے آئے جن کی تعداد 8 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

الامارات الیوم نے رپورٹ کیا ہے کہ "Cvent" کمپنی کی درجہ بندی کے مطابق دبئی مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں میٹنگز کے انعقاد کے لیے بہترین مقامات کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے، دبئی کے سات ہوٹل خطے میں میٹنگز کے لیے ٹاپ 10 سہولیات میں شامل ہیں، دبئی نے کمپنی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔

(جاری ہے)

رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا وباء کے بعد سیاحت کی بحالی کے لحاظ سے دنیا کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خطے کے طور پر (مشرق وسطیٰ اور افریقہ) کے مقامات نے بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ تیزی سے موافقت اور اختراع کرتے ہوئے اپنے شہروں میں مختلف میٹنگز اور تقریبات کے انعقاد کے لیے کمپنیوں کو راغب کیا ہے۔

ادھر دبئی ایئرپورٹ دنیا بھر میں سب سے زیادہ نقل و حرکت کا مرکز برقرار ہے جہاں پروازوں میں شیڈول سیٹوں کی کل تعداد رواں ماہ کے دوران تقریباً 47 لاکھ تک پہنچ گئی، ہوائی اڈوں اور ایئر لائنز کے لیے ڈیٹا فراہم کرنے والے OAG انٹرنیشنل کے شائع کردہ اعداد و شمار میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دنیا میں بین الاقوامی روانگی پروازوں میں شیڈول سیٹوں کی گنجائش کے سب سے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے طور پر اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے، دبئی ایئرپورٹ کے ذریعے بین الاقوامی پروازوں میں شیڈول سیٹوں کی کل تعداد اس مئی کے دوران تقریباً 47 لاکھ شیڈول سیٹس ہوچکی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) پر ٹریفک تقریباً کورونا وباء سے پہلے کی سطح تک پہنچ چکی ہے، جہاں رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں مسافروں کی تعداد 21.2 ملین (2 کروڑ 12 لاکھ) سے زائد ہوگئی، 2023ء کے پہلے تین مہینوں میں 2022ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں مسافروں کی آمدورفت میں 55 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا، 2019ء کی چوتھی سہ ماہی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب اوسط ماہانہ ٹریفک 7 ملین (70 لاکھ) مسافروں تک پہنچ گئی، مارچ 7.3 ملین (70 لاکھ 30 ہزار) مسافروں کے ساتھ پہلی سہ ماہی کا مصروف ترین مہینہ تھا، جو جنوری 2020ء کے 7.8 ملین مسافروں کے بعد سب سے زیادہ ماہانہ ٹریفک ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں