امارات چھوڑنے یا لیگل ہونے کیلئے پاسپورٹ کی شرط میں مزید نرمی

غیرقانونی مقیم تارکین کو پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درکار طویل مدت سے متعلق چیلنج پر قابو پانے کا موقع ملے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 ستمبر 2024 12:16

امارات چھوڑنے یا لیگل ہونے کیلئے پاسپورٹ کی شرط میں مزید نرمی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر 2024ء ) متحدہ عرب امارات نے ویزہ ایمنسٹی سکیم کے تحت ملک چھوڑنے یا لیگل ہونے کیلئے پاسپورٹ کی شرط میں مزید نرمی کردی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق وفاقی اتھارٹی برائے شناخت و شہریت، کسٹمز اور پورٹس سیکیورٹی (ICP) نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے ویزہ ایمنسٹی پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاسپورٹ کی درکار میعاد 6 ماہ سے کم کرکے 1 ماہ کر دی گئی ہے۔

آئی سی پی کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سہیل سعید الخیلی نے بتایا کہ "یہ ترمیم ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کو پاسپورٹ کی تجدید کے بغیر اپنے قیام کو لیگل کرنے یا آبائی وطن واپسی کے قابل بنائے گی، اس فیصلے سے انہیں امارات میں موجود سفارت خانوں کے ذریعے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درکار طویل مدت سے متعلق چیلنج پر قابو پانے کا موقع ملے گا، یہ فیصلہ ویزہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اپنی حیثیت قانونی بنانے اور 31 اکتوبر تک چلنے والے دو ماہ کے ایمنسٹی پروگرام سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دے گا"۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ویزہ ایمنسٹی کے متلاشیوں کے لیے ایگزٹ پاس کی میعاد میں بھی توسیع کردی گئی ہے، جن اوور سٹیئرز کو ویزہ ایمنسٹی دی گئی ہے اب ان کے پاس ملک چھوڑنے کے لیے 31 اکتوبر تک کا وقت ہے، اس سے پہلے دیا جانے والا ایگزٹ پاس صرف 14 دنوں کے لیے کارآمد تھا، اب اس رعایتی مدت کو سکیم کے اختتام تک بڑھا دیا گیا ہے، اس کے ذریعے یو اے ای حکومت نے اوور سٹیئرز کو ان کی روانگی کی ٹائم لائن میں مزید لچک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ، پہلے جن لوگوں نے عام معافی کا فائدہ اٹھایا انہیں اس کے موصول ہونے کے 14 دنوں کے اندر ملک چھوڑنا پڑتا تھا لیکن اب ایمنسٹی سکیم کی مدت کے اختتام تک اس رعایتی مدت کو بڑھا دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں