نیوزی لینڈ کی ٹیم تاریخ میں پہلی بار ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ جیت گئی

دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں کیویز نے جنوبی افریقہ کو 32 رنز سے شکست دی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 اکتوبر 2024 22:40

نیوزی لینڈ کی ٹیم تاریخ میں پہلی بار ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ جیت گئی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2024ء ) نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 32 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 158 رنز بنائے، ایمیلیا کیر نے 43 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جنوبی افریقہ ویمن ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 126 رنز بنائے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ جنوبی افریقہ کو مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست ہوئی ہے، دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، نیوزی لینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، ایمیلیا کیر 43، بروک ہیڈلی 38 اور سوذی بیٹس 32 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جنوبی افریقہ کی طرف سے نان کولو لیکو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے، کپتان لارا ولوارڈٹ 33 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں، نیوزی کی طرف سے ایمیلیا کیر اور روز میری مائیر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایمیلیا کیر کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں